Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
244 - 1040
حدیث نمبر244
روایت ہے حضرت جابر سے فرماتے ہیں میری خالہ کو تین طلاقیں دی گئیں ۱؎ تو انہوں نے اپنے کھجوروں کے پھل توڑنا چاہے تو ایک شخص نے انہیں باہر جانے سے منع کیا ۲؎ و ہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس آئیں حضور نے فرمایا ہاں اپنے کھجوروں کے پھل توڑو ممکن ہے تم خیرات کرویا بھلے کام کرو ۳؎(مسلم)
شرح
۱؎ یا ایک دم یا علیحدہ دوسرے معنے زیادہ ظاہر ہیں۔

۲؎ اس خیال سے کہ بحالت عدت عورت کو گھر سے نکلنا ممنوع ہے۔

۳؎ یعنی تمہارے لیے دن میں گھر سے نکل کر باغ جانا وہاں پھل توڑنا جائز ہے کہ اس پھل سے تم نیک کام کرو گی،زکوۃ دینا،صدقہ و خیرات اور ہدیہ وغیرہ۔ خیال رہے کہ طلاق کی عدت میں عورت مزدوری کے لیے گھر سے باہر نہیں جاسکتی کیونکہ اس کا خرچہ طلاق دینے والے خاوند کے ذمہ ہے اسے مزدوری کی حاجت نہیں اور عدت وفات میں عورت مزدوری کے لیے دن میں باہر جاسکتی ہے رات گھر میں گزارے کیونکہ اس عدت میں خرچہ خاوند کے ذمہ نہیں،یہاں مزدوری کے واسطے نکلنا نہ تھا بلکہ اپنے مال کی حفاظت کے لیے تھا اس مجبوری میں اب بھی نکلنا درست ہے بشرطیکہ رات گھر میں آکر گزارے۔
Flag Counter