| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم |
روایت ہے حضرت عائشہ سے فرماتی ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ بڑی برکت والا نکاح وہ ہے جس میں بوجھ کم ہو ۱؎ یہ دونوں حدیثیں بیہقی نے شعب الایمان میں روایت کیں۔
شرح
۱؎ یہ کلمہ نہایت جامع ہے یعنی جس نکاح میں فریقین کا خرچ کم کرایا جائے،مہر بھی معمولی ہو،جہیز بھاری نہ ہو،کوئی جانب مقروض نہ ہوجائے،کسی طرف سے شرط سخت نہ ہو اﷲ کے توکل پر لڑکی دی جائے وہ نکاح بڑا ہی بابرکت ہے ایسی شادی خانہ آبادی ہے آج ہم حرام رسموں بیہودہ رواجوں کی وجہ سے شادی کو خانہ بربادی بلکہ خانہا ئے بربادی بنالیتے ہیں۔اﷲ تعالٰی اس حدیث پاک پر عمل کی توفیق دے۔