Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
119 - 1040
باب 

باب ۱؎
الفصل الاول

 پہلی فصل
۱؎ یعنی یہ باب صحبت وغیرہ کے متعلق متفرق احادیث کا ہے اسی لیے اس کا ترجمہ باب مقرر نہ فرمایا صرف باب فرمادیا گیا گویا یہ باب المتفرقات ہے۔
حدیث نمبر 119
 روایت ہے حضرت عروہ سے ۱؎ وہ جناب عائشہ سے راوی کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے حضرت بریرہ کے متعلق فرمایا کہ انہیں خرید لو۲؎ پھر آزاد کردو اور ان کا خاوند غلام تھا ۳؎ اسی لیے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اختیار دیا انہوں نے اپنے کو اختیار کر لیا اور اگر وہ آزاد ہوتے تو بریرہ کو اختیار نہ دیتے ۴؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ عروہ ابن زبیرہ حضرت عائشہ صدیقہ کے بھانجے یعنی حضرت اسماء بنت ابی بکر الصدیق کے صاحبزادے ہیں تابعین میں سے ہیں،مدینہ کے سات بڑے فقہا میں سے ہیں،    ۲۲ھ؁ میں پیدائش ہے۔

۲؎ حضرت بریرہ کے حالات کتاب البیوع میں گزر چکے کہ آپ پہلے ایک یہودی کی لونڈی تھیں اس سے حضرت عائشہ صدیقہ نے خرید کر لیا ان سے بہت سے احکام شرعیہ وابستہ ہیں۔

 ۲؎ ان کا نام مغیث تھا یہ اولًا غلام تھے پھر آزاد کردیئے گئے تھے،بریرہ کی آزادی کے وقت یہ آزاد تھے جیسا کہ ابوداؤد وغیرہ کی روایات سے ثابت ہے ان کی حریت کی روایات میں بریرہ کے عتق کے وقت تک کا حال مذکور ہے،عبدیت کی روایات میں پچھلا حال مذکور ہے لہذا نہ تو احادیث میں تعارض ہے نہ حدیث امام اعظم کے خلاف، یہ اسلام میں غلام تو آزاد ہوسکتا ہے مگر آزاد مسلمان غلام نہیں بن سکتا. خیال رہے کہ اگر لونڈی آزاد ہو تو اسے بہرحال خیار عتق ملتا ہے ا سکا خاوند آزاد ہو یا غلام،شوافع کے ہاں اگر غلام ہو تو لونڈی کو خیار عتق ملے گا ورنہ نہیں اگر دونوں ایک ساتھ آزاد ہو ں تو خیار نہیں اور اگر خاوند آزاد ہو تو بھی اسے خیار عتق نہیں۔

۴؎ یہ حضرت عروہ کا قول ہے نہ کہ عائشہ صدیقہ کا اور قول بھی ان کے اپنے اجتہاد سے ہے لہذا امام ابوحنیفہ کو مضر نہیں۔
Flag Counter