| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃالمصابیح جلد چہارم |
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم جب کسی شخص کے نکاح پر دعا کرتے تو فرماتے اﷲ تجھے برکت دے اور تم دونوں پر برکت کرے تم دونوں کو بھلائی میں جمع رکھے ۱؎(احمد،ترمذی،ابوداؤد،ابن ماجہ)
شرح
۱؎ ہر نکاح کرنے والے کو یہ دعا دینا سنت ہے اگر مجلس نکاح میں موجود ہو تو ایجاب و قبول کے بعد یہ دعا دے اگر وہاں نہ ہو تو دولہا کو مبارکباد دیتے وقت یہ کلمے کہے۔ تجھے برکت دے سے مراد دنیاوی برکت ہے اولاد،مال وغیرہ میں برکت،رب تعالٰی فرماتا ہے:"اِنۡ یَّکُوۡنُوۡا فُقَرَآءَ یُغْنِہِمُ اللہُ مِنۡ فَضْلِہٖ"اور تم پر برکت سے مراد دینی ہے،بعد نکاح خیر کی توفیق بخشے۔ بھلائی میں جمع رکھے کا مطلب یہ ہے کہ خاوند و بیوی ایک دوسرے کی بھلائی میں مدد کریں برائی روکیں۔یہ اﷲ کی بڑی نعمت ہے،رب تعالٰی نصیب کرے۔