Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
85 - 5479
باب الإنفاق وكراہيۃ الإمساك

باب خرچ کرنا اور بخل کی برائی  ۱؎
الفصل الاول

پہلی فصل
۱؎ یعنی سخاوت کی تعریف اور بخل کی برائیاں اس باب میں بیان ہوں گی۔سخی وہ ہے جو اپنے مال سے خود بھی کھائے اوروں کو بھی کھلائے۔جوّاد وہ ہے جو خود نہ کھائے اوروں کو کھلائے اسی لیے رب تعالٰی کو سخی نہیں کہہ سکتے جوّاد کہتے ہیں۔بخیل وہ ہے جو اپنا مال خود کھائے دوسروں کا حق نہ دے۔ممسک وہ ہے جو نہ خود کھائے اور نہ کسی کو کھانے دے جوڑے اور چھوڑے۔شیخ نے فرمایا کہ یہاں امساک سے مراد بخل ہے اور انفاق سے مراد فرائض سے زیادہ نوافل میں خرچ کرنا ہے کیونکہ زکوۃ کے خرچ کا ذکر پہلے ہوچکا۔
حدیث نمبر 85
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ اگر میرے پاس احد پہاڑ برابر سونا ہو تو مجھے یہ اچھا لگے گا کہ تین راتیں ایسی نہ گزریں کہ جن میں اس سونے سے کچھ بھی میرے پاس ہو بجز اتنے کے جسے ادائے قرض کے لیے رکھوں ۱؎(بخاری)
شرح
۱؎ حدیث کا مطلب بالکل ظاہر ہے،یہ گفتگو ظاہر کے لحاظ سے ہے ورنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اگر چاہتے تو آپ کے ساتھ سونے کے پہاڑ چلاکرتےجیساکہ دوسری حدیث میں صراحۃً مذکور ہے۔اس میں اشارۃً فرمایا گیا کہ مقروض نفلی صدقہ نہ دے بلکہ پہلے قرض ادا کرے،نیز اتنی عظیم الشان سخاوت وہ کرسکتا ہے جس کے بال بچے بھی صابر شاکر ہوں ورنہ انہیں بھوکا مارکرنفلی خیرات نہ کرو۔حضرت صدیق اکبر نے جو سب کچھ خیرات کردیا اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کے گھر والے بھی صابرین کے سردار تھے لہذا یہ حدیث اس حدیث کے خلاف نہیں کہ تم پر تمہاری بیوی کا حق بھی ہے اور تمہارے بچوں کا بھی کیونکہ وہاں ہم جیسوں کے لیے قانون کا ذکر ہے اور یہاں ان حضور داتا کے خصوصی کرم کا۔
Flag Counter