Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
530 - 5479
حدیث نمبر 530
روایت ہے حضرت جابر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے بزرگ ترین ذکر لا الہ الا اﷲ ہے ۱؎ اور بزرگ ترین دعا الحمدﷲ ہے۔ (ترمذی و ابن ماجہ)
شرح
۱؎ لا الہ الا اﷲ سے مراد پورا کلمہ شریف ہے یعنی مع محمد رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کے ورنہ صرف لا الہ الا اﷲ تو بہت سے موحد کفار بلکہ ابلیس بھی پڑھتا ہے،وہ مشرک نہیں موحد ہے۔جس چیز سے مؤمن بنتے ہیں وہ ہے محمد رسول اﷲ،چونکہ کلمہ شریف سے کفر کی گندگی دور ہوتی ہے،اسے پڑھ کر کافر مؤمن ہوتا ہے، اس سے دل کی زنگ دور ہوتی ہے،اس سے غفلت جاتی ہے،دل میں بیداری آتی ہے یہ حمد الٰہی و نعت مصطفویٰ کا مجموعہ ہے اس لیے یہ افضل الذکر ہوا۔صوفیائے کرام فرماتے ہیں کہ صفائی دل کے لیے کلمہ طیبہ اکسیر ہے۔

۲؎ دعا میں کریم کی تعریف اور اپنی عرض حاجت ہوتی ہے الحمدﷲ میں یہ دونوں چیزیں موجود اسی لیے الحمد کو بہترین دعا فرمایا گیا۔جب مسکین سخی کے دروازے پر کھڑے ہوکر اس کی تعریف کرنے لگے تو سمجھو کچھ مانگ رہا ہے ،یوں ہی جب ہم فقیر رب کریم کے دروازے پر اس کی حمدوثنا کریں تو در پردہ اس سے مانگتے ہی ہیں۔سورۂ فاتحہ کو ام القرآن کہتے ہیں کیونکہ یہ الحمدﷲ سے شروع ہوتی ہے۔
Flag Counter