Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
472 - 5479
حدیث نمبر 472
روایت ہے حضرت عمر ابن الخطاب سے فرماتے ہیں میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے عمرہ کے لیے جانے کی اجازت مانگی ۱؎ تو مجھے اجازت دی اور فرمایا اے میرے بھائی ۲؎ ہمیں بھی اپنی دعا میں یاد رکھنا ہمیں بھول نہ جانا ۳؎ حضور نے یہ ایسی بات فرمائی کہ مجھے اس کے عوض ساری دنیا مل جانا پسند نہیں۴؎(ابوداؤد،ترمذی)اور ترمذی کی روایت اس قول پر ختم ہوگئی کہ ہمیں بھول نہ جانا۔
شرح
۱؎ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اسلام سے پہلے عمرہ کی نذر مانی تھی جو پوری نہ کرسکے تھے کہ مسلمان ہوگئے،پھر حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم سے مسئلہ پوچھا تو فرمایا نذر پوری کر و تب آپ عمرہ کے لیے حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کی اجازت سے روانہ ہوئے۔

۲؎ حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم نے جو حضرت عمر کو بھائی فرمایا یہ انتہائی کرم کریمانہ ہے،جیسے سلطان اپنی رعایا سے کہے میں تمہارا خادم ہوں مگر کسی مسلمان کا حق نہیں کہ حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کو بھائی کہے،رب تعالٰی فرماتاہے:"لَا تَجْعَلُوۡا دُعَآءَ الرَّسُوۡلِ بَیۡنَکُمْ کَدُعَآءِ بَعْضِکُمۡ بَعْضًا"الایہ۔اسی لیے کبھی صحابہ کرام نے حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کو بھائی کہہ کر نہ پکارا،روایت حدیث میں تمام صحابہ یہ ہی کہتے تھے قال النبی صلی اللہ علیہ وسلم۔

۳؎ یعنی مکہ معظمہ پہنچ کرہرمقبول دعا میں اپنے ساتھ میرے لیے بھی دعا کرنا معلوم ہوا کہ حاجی سے دعا کرانا اور وہاں پہنچ کر دعا کرنے کے لیے کہنا سنت ہے۔صوفیائے کرام اس جملہ کے معنے یہ کرتے ہیں کہ اے عمر ہر دعا میں ہم پر درود شریف پڑھنا ہمارے درود کو نہ بھولنا تاکہ اس کی برکت سے تمہاری دعائیں قبول ہوں حضور کے لیے اعلیٰ درجہ کی دعا آپ پر درود شریف پڑھنا ہے صلی اللہ علیہ وسلم کریم کے پیاروں کو دعائیں دینا درحقیقت اس سے مانگنے کی تدبیر ہے ہمارا بھکاری ہمارے دروازہ پر آکر ہمارے جان و مال اولاد کو دعائیں دیتا ہے ہم سے بھیک پاتا ہے۔ہم بھی رب تعالٰی کے محبوب کو دعائیں دیں رب تعالٰی سے بھیک لیں۔

۴؎ حضرت عمر کا یہ فرمان فخریہ نہیں بلکہ شکریہ کے طور پر ہے یعنی حضور انورصلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے بھائی کے خطاب سے نوازا۔معلوم ہوا کہ میں دنیا وآخرت میں صحیح مؤمن ہوں پھر مجھے حکم دعا کہ حضور کو دعائیں دوں۔معلوم ہوا کہ میرا منہ حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کی دعا کے لائق ہے،پھر فرمایا مجھے بھولنا نہیں۔معلوم ہوا کہ میرا دل کاشانۂ یار بننے کے لائق ہے،یہ ایسی بشارتیں ہیں کہ تمام دنیا کی نعمتیں ان پرقربان ہیں۔
Flag Counter