Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد سوم
194 - 5479
حدیث نمبر 194
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے راوی کہ آپ نے فرمایا کہ میری امت کی بخشش رمضان کی آخری رات میں ہوتی ہے عرض کیا گیا یارسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کیا وہ شبِ قدر ہے تو فرمایا نہیں لیکن مزدور کو مزدوری جب ملتی ہے جب وہ اپنا کام پورا کرلیتاہے ۱؎(احمد)
شرح
۱؎  یعنی رمضان کی انتیسویں یا تیسویں رات کو روزہ داروں کی بخشش کا فرشتوں میں اعلان ہوجاتا ہے کہ ان کے روزے،تراویح،اعتکاف،شبِ قدر کی عبادتیں قبول فرمالی گئیں اور ان کی بخشش کا فیصلہ کردیا گیا،یہ ہی رات بندوں کے عمل سے فراغت کی رات ہے،رب تعالٰی کی عطاء کی رات بھی۔حسن اتفاق ہے کہ یہ گنہگار بندہ احمد یار آج انتیسویں رمضان دو شنبہ ۱۳۷۹ھ؁ کو یہ شرح لکھ رہا ہے،خدا کرے اس رات میں اس گنہگار کی معافی بھی ہوگئی ہو اور جو مسلمان بھائی میری مغفرت کی دعا کرے اﷲ اس کی مغفرت فرمادے۔آمین!
وَصَلَّی اﷲُ تعالٰی عَلیٰ خَیْرِ خَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّآلِہٖ وَصَحْبِہٖ وَسَلَّم
Flag Counter