روایت ہے حضرت ابی امامہ سے فرماتے ہیں کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ جو اپنے بستر پر پاک ہو کر لیٹے ۱؎ اور اﷲ کا ذکر کرتا رہے حتی کہ اسے نیند آجائے ۲؎ تو رات کی کسی گھڑی میں کروٹ نہ لیگا جس میں ا ﷲ سے دنیا اور آخرت کی خیر مانگے مگر رب اسے یہ دے گا۔۳؎ اسے نووی نے کتاب الاذکار میں ابن سنی کی روایت سے ذکر کیا ۴؎
شرح
۱؎ گناہوں سے پاک ہو کر توبہ و استغفار کرے یا ظاہر نجاستوں سے پاک ہو کر کہ جسم،کپڑے،بستر سب پاک ہوں یا باطنی نجاست سے پاک ہو کر وضو یا تیمم کرکے جیسا کہ پہلے گزر چکا۔ ۲؎ زبان سے ذکر کرتا ہوا سوئے یا دل سے یا سانس سے پاس انفاس کرتا ہوا تیسرے معنی زیادہ موزوں ہیں۔ ۳؎ یعنی ایسا آدمی اگر شب میں کروٹ لیتے ہوئے بھی دعا مانگ لے گا تو قبول ہوگی اگر تہجد کے لیئے اٹھ بیٹھے اور پھر دعا کرے تو سبحان اﷲ! ۴؎ اور ترمذی نے شہر ابن حوشب سے اور فرمایا کہ حدیث حسن ہے۔(مرقاۃ)