Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد دوم
188 - 993
حدیث نمبر188
روایت ہے حضرت عبداﷲ ابن زبیر سے فرماتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم جب اپنی نماز سے سلام پھیرتے ۱؎  تو بلند آواز سے کہتے کہ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں اس کا کوئی ساجھی نہیں اسی کا ملک ہے اسی کے لیے حمد اور وہ ہر چیز پر قادر ہے اﷲ کے بغیر نہ طاقت ہے نہ قدرت اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں ہم اس کے سوا کسی کی عبادت نہیں کرتے اسی کی نعمت ہے اسی کا فضل ۲؎  اسی کی اچھی تعریف ہے اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں ہم اس کے لیے خالص دین رکھتے ہیں اگرچہ کفار ناپسند کریں۳؎(مسلم)
شرح
۱؎ یعنی فرض نماز سے جماعت میں کیونکہ اشراق یا تہجد وغیرہ کے بعد اونچا ذکر سنت نہیں۔"اعلےٰ"سے معلوم ہوا کہ یہ ذکر بہت اونچی آواز سے ہوتا تھا جو محلے کے گھروں میں سنا جاتا تھا۔

۲؎  نعمت سے مراد دنیاوی نعمتیں مراد ہیں اورفضل سے مراد آخرت کی نعمتیں یا نعمت سے مراد عبادات کی توفیق ہے اور فضل سے مراد قبولیت یعنی ساری مخلوق کو بلاواسطہ یا بالواسطہ جو ملا رب سے ملا اور جسے اس نے دیا اپنے فضل سے دیا کسی کا اس پر ذاتی حق نہیں۔

۳؎ مخلصین میں منافقین یا ریا کاروں کی تردید ہے اگرچہ وہ عابد ہیں مگر اخلاص سے محروم۔
Flag Counter