Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد دوم
174 - 993
حدیث نمبر174
روایت ہے حضرت ام سلمہ سے فرماتی ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں عورتیں جب فرائض سے سلام پھیرتیں تو کھڑی ہوجاتیں ۱؎ اور رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ساتھ نماز پڑھنے والے مرد جب تک رب چاہتا بیٹھے رہتے ۲؎  جب رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم اٹھتے تو مرد بھی کھڑے ہو جاتے(بخاری)اور ہم جابر ابن سمرہ کی حدیث ہنسی کے باب میں ذکر کریں گے ۳؎ ان شاءاﷲ تعالیٰ۔
شرح
۱؎ اور فورًا گھر لوٹ آتیں تاکہ عورتیں اور مرد مخلوط نہ ہوجائیں،سنتیں اور نوافل گھر آکر پڑھتیں غالب یہ ہے کہ دعاسے پہلے اٹھ جاتیں۔

۲؎ دعا سنتوں اور نوافل کے لیے اور نماز فجر میں اشراق تک۔اس سے معلوم ہوا کہ بہتر یہ ہے کہ مقتدی امام سے پہلے مسجد سے نہ جائیں۔

۳؎ یعنی مصابیح میں وہ حدیث یہاں تھی جس میں ذکر ہے کہ ہم سب فجر کے بعد سورج نکلنے تک بیٹھتے تھے اور زمانہ جاہلیت کی باتیں یاد کرکے ہنسا کرتے تھے مگر ہم یہ حدیث باب الضحك میں لائیں گے۔
Flag Counter