| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد اول |
اور ابن عباس و معاذ ابن جبل سے اس میں یہ زیادتی بھی ہے رب نے فرمایا اے محمد کیا تم جانتے ہو کہ مقرب فرشتے کس چیز میں جھگڑتے ہیں ۱؎ میں نے عرض کیا ہاں کفارات ہیں ۲؎ اورکفارے نماز کے بعدمسجد میں ٹھہرنا اورجماعتوں کی طرف پیدل چلنا اورناگواری کی حالت میں پورا وضو کرنا ہیں۳؎ اورجو یہ کرے گا بھلائی سے جئے گا بھلائی سے مرے گا۴؎ اوراپنی خطاؤں سے ایسا ہوجائے گا جیسے اسے آج ماں نے جنا ۵؎ اورفرمایا اے محمد جب تم نماز پڑھ چکو تو کہاکرو ۶؎ الٰہی میں تجھ سے اچھے کام کرنا برائیاں چھوڑنا اورمسکینوں کی محبت مانگتا ہوں ۷؎ جب تو اپنے بندو ں کو فتنے میں ڈالنا چاہے تو مجھے اپنی طرف بغیر فتنے میں مبتلا ہوئے بلالے ۸؎ فرمایا اور درجات سلام کو پھیلاناکھاناکھلانا اوررات میں جب لوگ سوتے ہوں نماز پڑھنا ہیں ۹؎ اوراس حدیث کے الفاظ جیسے کہ مصابیح میں ہیں میں نے عبدالرحمن کی روایت سے نہ پائے مگر شرح سنّہ میں۔
شرح
۱؎ مقرب فرشتوں سے اعمال پیش کرنے والے فرشتے مراد ہیں یعنی مدبّراتِ امر فرشتے۔ ۲؎ یعنی ہاں اب تیری عطا اورتیرے کرم سے سب کچھ جانتا ہوں۔معلوم ہوا کہ رب نے بتایا نہ تھا بلکہ سب کچھ دکھایا تھا۔ ۳؎ یعنی ان تین نیکیوں کی وجہ سے اﷲ تعالٰی گناہ صغیرہ مٹا دیتا ہے۔ان کی شرحیں گزر چکیں۔ ۴؎ اس کی تائید اس آیت سے ہے:"مَنْ عَمِلَ صٰلِحًا مِّنۡ ذَکَرٍ اَوْ اُنۡثٰی وَ ہُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْیِیَنَّہٗ حَیٰوۃً طَیِّبَۃً "الایہ۔سیدنا ابن عباس فرماتے ہیں رزق حلال،قناعت،رضاء بالقضاء،عبادت میں لذت اور اطاعتوں کی توفیق نصیب ہونا اچھی زندگی ہے۔اورایمان پرخاتمہ،مرتے وقت توبہ،فرشتوں کا جان نکالتے وقت جنت کی خوشخبری دینا بلکہ وہاں کے پھول لاکر سنگھانا،بعد وفات مسلمانوں کا اچھائی سے اسے یاد کرنا یہ بھلائی کی موت ہے۔اﷲ ہم سب کو نصیب کرے۔یہ رب کا وعدہ ہے جو حضور علیہ السلام کی معرفت ہمیں ملا،ٹل نہیں سکتا۔ ۵؎ اس کے سارے گناہ صغیرہ معاف ہوجائیں گے۔گناہ کبیرہ اورحقوق مراد نہیں،اسی لئے "خَطِیْئَتِہٖ"فرمایا۔ ۶؎ یعنی ہرنمازسے فارغ ہونے کے بعد نہ کہ نماز کے اندر یہ دعاء مانگ لیا کرو،جیسے حضور انورصلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانا "اِذَا صَلَّیْتُمْ عَلَے الْمَیِّتِ فَاخْلِصُوْا لَہٗ الدُّعَاءَ" جب تم نماز جنازہ پڑھ چکو تو میت کے لیے خلوص دل سے دعا کرو،دونوں عبادتیں یکساں ہیں۔ ۷؎ اگرچہ مسکینوں کی محبت بھی اچھے کام میں داخل تھی مگر ان سب سے افضل کہ یہ ایمان کا ذریعہ ہے،اس لیے اس کا علیحدہ ذکر کیا۔مسکینوں سے مراد انبیاء،اولیاء اورنیک مسلمان ہیں کہ یہ سب حضرات دل کے مسکین اورمتواضع ہیں۔فقیرومسکین میں بڑا فرق ہے۔ ۸؎ کیونکہ اس وقت زندگی سے موت افضل ہے۔خیال رہے کہ دنیوی مصائب سے گھبرا کر دعائے موت کرنا منع ہے مگر ایمانی آفتوں پر دعائے موت جائز ہے،لہذا یہ حدیث تمنائے موت کی ممانعت کی حدیثوں کے خلاف نہیں۔ ۹؎ یعنی گزشتہ تین اعمال معافئ گناہ کا ذریعہ تھے اور یہ اعمال ترقئ درجات کا وسیلہ۔اس سے معلوم ہوا کہ تہجد کی نماز اوربھوکوں کا پیٹ بھرنا،ہر ایک کو سلام کرنا بہت بہترین اعمال ہیں۔