| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد اول |
روایت ہے حضرت سہل ابن سعدسے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو دعائیں رد نہیں کی جاتیں یا بہت کم رد کی جاتی ہیں اذان کے وقت کی دعا ۱؎ اورجہادکے وقت کی دعا جب بعض بعض کو قتل کررہے ہوں۲؎ اورایک روایت میں ہے کہ بارش کے وقت کی دعا۳؎(ابوداؤد،دارمی)مگر دارمی نے بارش کا ذکر نہ کیا۔
شرح
۱؎ یعنی مؤذن کے اذان سے فارغ ہوتے ہی نہ کہ دورانِ اذان میں کہ وہ جواب اذان کا وقت ہے۔ ۲؎ یعنی عین کشت وخون کی حالت میں جب غازی کافروں کوقتل کررہے ہوں اورکافروں کے ہاتھوں شہید ہورہے ہوں کہ وہ بہترین عبادت ہے۔یُلْحِمُ اِلْحَامسے بنا،بمعنی گوشت کاٹنا یعنی قتل کرنا۔ ۳؎ بعض لوگوں نے تحت کی وجہ سے فرمایابارش کے نیچے کھڑے ہوکربھیگتے ہوئے دعامانگے مگرصحیح یہی ہے کہ بارش کے وقت کہیں بھی دعا مانگے قبول ہوگی،خصوصًا رحمت کی بارش جو انتظار اور دعاؤں کے بعد آئے۔