۱؎ آپ کانام لقیط ابن عامر ابن صبرہ ہے،کنیت ابو رزین عقیلی ہیں،مشہور صحابی ہیں،طائف والوں میں آپ کا شمار ہے۔
۲؎ یعنی اعضاء پورے دھوؤ اور تین تین بار دھوؤ ہاتھوں،اورپاؤں کی انگلیوں میں خلال کرو،اگر پاؤں کی انگلیاں چپٹی ہوئی ہوں کہ بغیر خلال ان میں پانی نہ پہنچے تو خلال ضروری ہے،ورنہ سنت۔حق یہ ہے کہ ہاتھوں کی انگلیوں میں بھی خلال کرنا چاہیئے،اس خلال میں چھنگلی شرط نہیں جیسے بھی ہوجائے کافی ہے۔ناک میں پانی بانسے تک پہنچنانا ضروری ہے حتی کہ غسل میں فرض ہے اور اتنا چڑھانا کہ حلق میں اتر جائے بہتر ہے مگر روزے کی حالت میں صرف بانسے تک پہنچائے،اگرحلق میں چلا گیا تو روزہ فاسدہوجائے گا۔(اشعۃ اللمعات)