| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد اول |
روایت ہے حضرت ابوذر سے فرماتے ہیں۔فرمایا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بہترین عمل اﷲ کے لئے محبت اورا ﷲ کے لئے عداوت ہے ۱؎ (ابوداؤد)
شرح
۱؎ کیونکہ دوسرے اعمال قالب سے ادا ہوتے ہیں اور اﷲ کے لیے محبت و عداوت دل سے وہ سب بدنی عبادات ہیں یہ دل کی عبادت کیونکہ اﷲ کے لیے محبت جبھی ہوگی جب اﷲ سے محبت ہوگی اور اﷲ کی محبّت اس کے تمام احکام کی محبّت کا ذریعہ ہے۔امام غزالی فرماتے ہیں:اگر کوئی شخص باورچی سے اس لیے محبّت کرے کہ اس سے اچھا کھانا پکوا کر فقراء کو بانٹے تویہ اﷲ کے لیے محبّت ہے۔اور اگر عالم دین سے اس لیے محبّت کرے کہ اس سے علم دین سیکھ کر دنیا کمائے تو یہ دنیا کے لیے محبّت ہے۔(اشعۃ اللمعات)