| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد اول |
بڑے امام شیخ محی السنۃ نے فرمایا کہ یہ حکم حضرت ابن عباس کی حدیث سے منسوخ ہےجو فرماتے ہیں کہ حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے بکری کا شانہ کھایا،پھر بغیر وضو کئے نماز پڑھ لی ۱؎(مسلم و بخاری)
شرح
۱؎ صاحب مصابیح شیخ محی السنۃ نے شرح سنہ میں اس حدیث کو منسوخ مانا اس لئے کہ انہوں نے وضو شرعی معنے میں لیا اور امرو جوب کے لیے،لیکن ہماری پیش کردہ توجیہ پر حدیث منسوخ نہیں،نسخ میں تاریخ کا معلوم ہونا ضروری ہے۔نیزقولی حدیث فعلی سے منسوخ جب ہوسکتی ہے جب وہ فعل حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیات میں سے نہ ہو،اس لئے مناسب یہی ہے کہ حدیث منسوخ نہ مانی جائے۔