Brailvi Books

لباب الاحیاء (احیاء العلوم کا خلاصہ)
112 - 415
سلام ہو ، اے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے چنے ہوئے !آپ پر سلام ہو ،اے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی مخلوق میں سب سے بہتر ! آپ پر سلام ہو ، اے احمدصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ! آپ پر سلام ہو ، اے محمد صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم !آپ پر سلام ہو، اے شفیع صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ! آپ پر سلام ہو ، اے عا قب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ! آپ پر سلام ہو ،اے خوشخبری سنانے والے ! آپ پر سلام ہو ، اے ڈرسنانے والے ! آپ پر سلام ہو ،اے طٰہٰ ! آپ پر سلام ہو ، اے پاکیزہ ذات ! آپ پر سلام ہو ، اے اولاد آدم میں سب سے زیادہ عزت والے !آپ پر سلام ہو ، اے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے رسول ! آپ پر سلا م ہو ، اے تمام جہانوں کو پالنے والے کے رسول ! آپ پر سلام ہو ، اے رسولوں کے سردار !آپ پر سلام ہو ، اے سب بھلائیوں کے دروازے کھولنے والے ! آپ پر سلام ہو ، اے رحمت والے نبی ! آ پ پر سلام ہو ، اے امت کے سردار ! آپ پر سلام ہو ، اے چمکتی پیشانی والوں کے قائد ! آپ پر سلام ہو ، آپ پر سلام ہو اور آپ کے اہل بیت پر جن سے اللہ عَزَّوَجَلَّ نے ناپاکی کو دور کیا اور انہیں خوب پاک کیا ، آپ پر سلام ہو اور آپ کے پاکیزہ صحابہ پر ، آپ کی پاکباز ازواج پر جو مؤمنین کی مائیں ہیں ۔

    اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کو اس سے بھی افضل جزاء عطا فرمائے جو اس نے کسی نبی کو اس کی قوم کی طر ف سے اور کسی رسول کو اس کی امت کی طرف سے عطا فرمائی، اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ پر رحمت نازل فرمائے جب بھی یاد کرنے والے آپ کا ذکر کریں اور غافل لوگ آپ کے ذکر سے غافل ہو ں، اللہ عَزَّوَجَلَّ اولین وآخرین میں آپ پر رحمت فرمائے جو کسی مخلوق پر نازل ہو نے والی رحمت سے افضل ، کامل ترین ، اعلیٰ ، بلند ترین اور سب سے زیادہ پاکیزہ ہو جس طر ح اس نے ہمیں آپ کے ذریعے گمراہی سے نکالا اور آپ کے ذریعے ہمیں اندھے پن سے بچا کر بینائی عطافرمائی اور آپ کے سبب سے ہمیں جہالت سے ہدایت کی طر ف ہماری رہنمائی فرمائی، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی معبو د نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں اور آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم اس کے بندے ، رسول ، امین ، چنے ہوئے اور مخلوق میں سب سے افضل ہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے اللہ عَزَّوَجَلَّ کا پیغام پہنچا دیا ، امانت ادا کردی ، امت کی خیر خواہی کی ، اپنے دشمن کے خلاف جہاد کیا ، امت کو ہدایت دی اور اپنے وصال تک اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی عبادت کی۔ آپ پر اورآپ کی پاکیزہ آل پر اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رحمت اور سلام ہو اور اس کا کرم اور شرف ہو۔'' 

    اور اگر کسی کاسلام آپ کی بارگاہ میں پہنچا نے کی وصیت ہو تو عرض کرے: ''آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر فلاں کی طرف سے سلام ہو۔''