قرآن پاک اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اس نے اپنے بندوں کی رہنمائی کے لئے اتارا۔ اس میں سارے علم ہیں اور وہ بے مثل کتاب ہے ویسی کوئی دوسرا نہیں بنا سکتا ہے چاہے تمام دنیا کے لوگ مل جائیں مگر ایسی کتاب نہیں بناسکتے۔
اللہ تعالیٰ نے یہ کتاب اپنے پیارے نبی حضور محمد مصطفےٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم پر اتاری جیسے اس سے پہلے توریت حضرت موسیٰ علیہ السلام پر ، زبور حضرت داؤ د علیہ السلام پر، انجیل حضرت عیسٰی علیہ السلام پر اور دوسری کتابیں اور نبیوں علیہم السلام پر اتاری تھیں وہ سب کتابیں بر حق ہیں۔ہمارا ان سب پر ایمان ہے مگر پہلے زمانہ کے شریر لوگوں نے اگلی کتابوں کو بدل ڈالا وہ اصلی نہیں ملتیں۔ قرآن شریف کا اللہ تعالیٰ خود نگہبان ہے اس لئے وہ جیسا اُترا ویسا ہی ہے اور ہمیشہ ویسا ہی رہے گا سارا زمانہ چاہے تو بھی اس میں ایک حرف کا فرق نہیں آسکتا۔