سوال: کیا جِن اور فرشتے بھی نبی ہوتے ہیں؟
جواب: نہیں، نبی صرف انسانوں میں سے ہوتے ہیں۔ اور ان میں سے بھی فقط مرد۔ کوئی عورت نبی نہیں ہوتی۔
سوال: کیا غیر نبی کے پاس بھی وحی آتی ہے؟
جواب: وحی نبوت غیر نبی کے پاس نہیں آتی ۔ جو اس کا قائل ہو وہ کافر ہے۔
سوال: کیا انبیا ء کے سوا اور کوئی بھی معصوم ہوتا ہے؟
جواب : ہاں ،فرشتے بھی معصوم ہوتے ہیں اور کوئی نہیں۔
سوال: معصوم کس کو کہتے ہیں؟
جواب: جو اللہ تعالیٰ کی حفاظت میں ہو اور اس وجہ سے اس کا گناہ کرنا ناممکن ہو۔
سوال: کیا امام اور ولی بھی معصوم ہوتے ہیں؟
جواب: انبیا ء اور فرشتوں علیہم السلام کے سوا معصوم کوئی بھی نہیں ہوتا ، اولیاء کو اللہ تعالیٰ اپنے کرم سے گناہوں سے بچاتا ہے مگر معصوم صرف انبیاء اور فرشتے ہی ہیں۔
سوال: علمِ اسماء کس کو کہتے ہیں؟
جواب: اللہ تعالیٰ نے جو حضرت آدم علیہ السلام کو ہر چیز اور اُس کے ناموں کا علم عطا فرمایا تھا اس کو علمِ اسماء کہتے ہیں ۔
سوال: فرشتوں نے حضرت آدم علیہ السلام کو کیسا سجدہ کیا تھا؟
جواب: یہ سجدہ تعظیمی تھا، جو خدا کے حکم سے ملائکہ نے کیا اور سجدہ تعظیمی پہلی شریعتوں میں جائز تھا ہماری شریعت میں جائز نہیں۔ اور سجدہ عبادت پہلی شریعتوں میں بھی خدا کے سوا کسی اور کے لئے جائز نہیں ہوا۔