Brailvi Books

کرنسی نوٹ کے شرعی احکام
53 - 199
قرض واپس ادا کردیتی ہے، اور اگر یہ لوگ عوام میں سے کسی کو یہ نوٹ دے دیں تو گورنمنٹ ان دوسروں سے قرض لے کر ان پہلے لوگوں کا قرض ادا کردیتی ہے، تو وہ لوگ ان دوسروں کو بطور ثبوت یہ نوٹ دے دیتے ہیں تاکہ وہ ان نوٹوں کے ذریعے سے مقروض گورنمنٹ سے اپنا قرض وصول کرسکیں۔ اسی طرح سے قرض جتنے لوگوں کے ہاتھوں میں جائے گا قرض اور رسید کا تکرار
 (Repetition)
ہوتا رہے گا، نوٹ کے رسید ہونے کے تو یہی معنی ہیں۔

    حالانکہ ایک سمجھدار بچہ بھی یہ بات جانتا ہے کہ جو لوگ نوٹ کا لین دین کرتے ہیں ان میں سے کسی کے دل میں ان باتوں کا خیال تک نہیں آتا، اور نہ ہی کبھی اس لین دین سے قرض یا تحریری اقرار نامہ کا ارادہ کرتے ہیں، نیز آپ نے کسی بھی ایسے شخص کو نہیں دیکھا ہوگا جو لوگوں کو قرض دیتا ہو اور اپنے قرض کے رجسٹر میں اس شخص کا نام لکھے جس نے نوٹ دےکر اس سے چاندی کے روپے وصول کئے ہوں، اور اپنی زندگی بھر میں اس سے یہ کہا ہو کہ تم میرا قرض ادا کرکے اپنی رسید مجھ سے وصول کرلو، اور نہ ہی کسی ایسے شخص کو دیکھا ہو گا جو لوگوں کامقروض ہو اور اپنے رجسٹر میں اس شخص کا نام لکھتا ہو جسے نوٹ دیکر اس نے روپے وصول کئے ہوں، اور مرتے وقت کہتا ہو کہ فلاں کا مجھ پر اتنا قرض ہے، اسے ادا کرکے میری رسیداس سے واپس لے لینا۔
Flag Counter