الحمدللہ عزوجل ! جامعات کے حوالے سے لکھی گئی کتاب ''امتحان کی تیاری کیسے کریں؟''کے بعددعوتِ اسلامی کی مجلس جامعات المدینۃ کی طرف سے ایک اور مختصر تحریر بنام ''کامیاب استاذ کون ؟'' تعلیم میں مزید بہتری کے جذبہ کے تحت آپ کے سامنےپیش کی جارہی ہے ۔ اس کتاب میں ان تمام امور کا بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے جن کا تعلق ِ تدریس سے ہوسکتا ہے مثلاً سبق کی تیاری، سبق پڑھانے کا طریقہ ، سننے کا طریقہ ۔۔۔۔۔۔ علی ھذا القیاس ۔
اس کتاب کو مرتب کرنے کی سعادت مجلس المدینۃ العلمیۃ کے شعبہ اصلاحی کتب کوحاصل ہوئی ۔یہ کتاب بنیادی طور پر شعبہ درسِ نظامی کو مدِ نظر رکھ کر لکھی گئی ہے لیکن حفظ وناظرہ کے اساتذہ بھی معمولی ترمیم کے ساتھ اس سے بخوبی فائدہ اٹھا سکتے ہیں نیز اسکول وکالجز میں پڑھانے والے اساتذہ کے لئے بھی اس کتاب کا مطالعہ فائدے سے خالی نہیں ہے۔ اس کتاب کو نہ صرف خود پڑھئے بلکہ دیگر اسلامی بھائیوں کو اس کے مطالعہ کی ترغیب دے کر اشاعتِ علمِ دین کے ثواب میں حصہ دار بنئے ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ''اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش'' کرنے کے لئے مدنی انعامات پر عمل اور مدنی قافلوں کا مسافر بنتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور دعوتِ اسلامی کی تمام مجالس بشمول مجلس المدینۃ العلمیۃ کو دن گیارہویں رات بارہویں ترقی عطا فرمائے ۔