Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
481 - 736
عفو وعافیت مانگنے کاثواب
(۱۳۵۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ منبر پرکھڑے ہوئے پھر رونے لگے اور فرمایا،''جب خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم پہلے سال ہمارے درمیان منبر پر تشریف فرماہوئے تو رونے لگے پھر آپ نے فرمایا کہ ''اللہ عزوجل سے عفو اور عافیت کا سوال کیا کرو کیونکہ ایمان کے بعد کسی کو عافیت سے بہتر کوئی چیز نہیں دی گئی ۔''
(جامع الترمذی ،کتاب احادیث شتی ، باب (۱۲۰) ، رقم ۳۵۶۹ ،ج۵ ، ص۳۲۷)
(۱۳۵۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' بندہ اس سے افضل کوئی دعا نہیں مانگتا
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْمُعَافَاۃَ فِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ
ترجمہ: اے اللہ ! میں تجھ سے دنیا اور آخرت میں عا فیت کا سوال کرتاہوں ۔''
    (ابن ماجہ، کتا ب الدعا ء، باب الدعاء بالعفو ...الخ، رقم ۳۸۵۱، ج ۴، ص ۲۷۳)
(۱۳۵۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمررضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' اللہ عزوجل سے عافیت کا سوال کرنا اسے زیادہ محبوب ہے ۔''
(ترمذی ،کتا ب الدعوات، باب (۸۹)رقم ۳۵۲۶ ،ج ۵، ص ۳۰۶)
(۱۳۵۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی بارگاہ میں حاضر ہو کر عرض کیا، ''یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! سب سے افضل دعا کون سی ہے؟''فرمایا ،'' اپنے رب عزوجل سے عافیت اور دنیا وآخرت کی بھلائی کا سوال کیا کرو۔''پھر اس شخص نے دوسرے دن حاضرہوکرعرض کیا ،''یا رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم سب سے افضل دعا کون سی ہے؟''فرمایا،'' اپنے رب عزوجل سے عافیت اور دنیا وآخرت کی بھلائی کا سوال کیا کرو۔''پھر تیسرے دن حاضر ہوکر اس نے یہی سوال کیا تو رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے پھر اس کی مثل دعا بتائی پھرفرمایا، ''جب تجھے دنیا اور آخرت میں عافیت مل جائے تو تُو کامیاب ہوگیا۔''
                          (ترمذی ،کتاب الدعوات، رقم ۳۵۲۳ ، باب (۸۹)ج۵ ،ص ۳۰۵)
Flag Counter