| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۱۱۰۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبداﷲ بن عمرورضی اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا'' جس نے قرآن پڑھا گویا اس نے اپنے پہلو میں (علمِ )نبوت کو سمولیامگر یہ کہ اس پر وحی نہیں آتی ۔''
(المستدرک ،کتاب اخبار فی فضائل القرآن، باب فضیلۃ قراء ۃ القرآن، رقم ۲۰۷۲، ج۲، ص ۲۵۲)
(۱۱۰۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جوشخص پانچوں نمازوں کی پابندی کریگا وہ غافلین میں نہ لکھا جائے گا اور جس نے ایک رات میں سو آیتیں پڑھیں اسے عبادت گزار بندوں میں لکھا جائے گا۔''
(ابن خزیمہ ،کتاب جماع ابواب صلاۃ التطوع باللیل ، رقم ۱۱۴۲، ج۲ ،ص ۱۸۰)
(۱۱۰۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،'' جس نے ایک رات میں دس آیتیں پڑھیں اسے غافلین میں نہ لکھا جائے گا ۔''
(مستدر ک، کتاب اخبار فی فضائل القرآن ،باب من قرأعشر آیات الخ ،رقم ۲۰۸۵، ج۲، ص ۲۵۷)
سیدناامام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے ا للہ عزوجل کا خواب میں دید ار کیا تو عرض کیا،''یا رب عزوجل! جن اعمال کے ذریعے تیرے بندے تیرا قرب حاصل کرتے ہیں ان میں سب سے افضل عمل کون ساہے؟ '' ارشاد فرمایا، ''اے احمد! وہ میرا کلام پڑھنا ہے ۔''میں نے عرض کیا،'' سمجھ کر پڑھنا یا بغیر سمجھے؟ ''فرمایا،'' سمجھ کر اور بغیر سمجھے دونوں طر ح سے۔''