Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
23 - 736
پیشِ لفظ
    فی زمانہ مسلمانوں کی اکثریت نیک اعمال کے معاملے میں بے حد غفلت وسستی میں مبتلاء دکھائی دیتی ہے ۔ عبادات میں رغبت نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ گناہوں کا بازار خوب گرم ہے۔ عبادات میں رغبت نہ ہونے کی دو بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں،ایک تواِن کی ادائیگی میں مشقت کا محسوس ہونااوردوسری اِن عبادات کے بدلے حاصل ہونے والے انعامات سے لاعلم ہونا۔ نیک اعمال کے بدلے انسان کن انعامات کا مستحق ہوتا ہے اوراسے کیسی کیسی عظیم نعمتوں سے نوازا جائے گا ،زیرِ نظر کتاب ''جنت میں لے جانے والے اعمال ''انہی اُمور کے بیان پر مشتمل ہے ۔یہ کتاب عظیم محدث حافظ شرف الدین دمیاطی علیہ الرحمۃ کی مایہ ناز تألیف ''اَلْمَتْجَرُ الرَّا بِحُ فِیْ ثَوَابِ الْعَمَلِ الصَّالِحِ '' کا اردو ترجمہ ہے۔ اس کتاب میں مختلف نیک اعمال مثلاً حصول ِ علم ،نماز، روزہ ، حج،زکوۃ، دیگر صدقات، تلاوتِ قرآن ،صبر ، حسن اخلاق ، توبہ، خوف ِ خدا عزوجل اور درود پاک کے ثواب کے بارے میں 2000 سے زائد احادیث موجود ہیں ۔ اس کتاب کا مطالعہ کرنے والے خود میں عمل کا جذبہ بیدار ہوتا محسوس کریں گے ان شاء اللہ عزوجل ۔ یہ کتاب نہ صرف عام مسلمانوں کے لئے مفیدہے بلکہ نیکی کی دعوت عام کرنے کا جذبہ رکھنے والے مبلغین ، ائمہ مساجد اور خطباء عظام کے لئے اس میں کثیر مواد موجود ہے ۔ 

اس کتاب پر انتہائی احتیاط سے درج ِ ذیل کام کیاگیا ہے ۔ 

    ٭ ترجمہ میں آسان فہم الفاظ استعمال کئے گئے ہیں ۔

    ٭ ہر حدیث کی تخریج اصل ماخذ سے کی گئی ہے ۔

    ٭ آیات کا ترجمہ امام اہل سنت مجددِ دین وملت الشاہ مولانا احمد رضاخان علیہ رحمۃ الرحمن کے شہرۂ آفاق ترجمۂ قرآن ''کنزالایمان'' سے درج کیا گیا ہے ۔

    ٭ بعض احادیث میں مشکل الفاظ کے معانی ومطالب بریکٹ میں لکھ دئيے گئے ہیں ۔

    ٭اکثر راویوں کے ناموں پر اعراب لگادئيے گئے ہیں ۔
Flag Counter