Brailvi Books

جنتی زیور
532 - 676
    حضرت ام ہانی رضی اﷲ تعالیٰ عنہا کی یہ دو خصوصیات بہت زیادہ باعث شرف ہیں ایک یہ کہ فتح مکہ کے دن حضرت ام ہانی رضی اﷲ تعالیٰ عنہا نے ایک کافر کو امان اور پناہ دے دی اس کے بعد حضرت علی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے اس کافر کو قتل کرنا چاہا جب ام ہانی نے حضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم سے عرض کیا تو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ جس کو تم نے امان دے دی اس کو ہم نے بھی امان دے دی۔
 (صحیح البخاری ،کتاب الجزیۃ ولھوادعۃ،باب امان النساء،رقم ۳۱۷۱،ج۲،ص۳۶۷)
     دوسری یہ کہ فتح مکہ کے دن حضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ان کے مکان پرغسل فرمایا اور کھانا نوش فرمایا پھر آٹھ رکعت نماز چاشت ادا فرمائی۔
 (صحیح البخاری ،کتاب الغسل،باب التسترفی الغسل عند الناس،رقم ۲۸۰،ج۱،ص۱۱۵)
 (۴۱)حضرت ام کلثوم بنت عقبہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہا
    یہ مکہ مکرمہ میں مسلمان ہوئیں اور چونکہ مفلسی کی وجہ سے سواری کا انتظام نہ ہو سکا اس لئے پیدل چل کر انہوں نے ہجرت کی اور مدینہ منورہ پہنچ کر حضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم سے بیعت ہوئیں مدینہ میں ان سے حضرت زید بن حارثہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے نکاح فرمالیا پھر جب وہ جنگ ''موتہ'' میں شہید ہوگئے تو ان سے جنتی صحابی حضرت زبیر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے نکاح فرما لیا پھر طلاق دے دی تو دوسرے جنتی صحابی حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے ان سے نکاح فرمالیا اور ان کے شکم سے ابراہیم و حمید دو فرزند پیدا ہوئے پھر جب حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی وفات ہوگئی تو فاتح مصر حضرت عمرو بن العاص رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے ان سے نکاح کیا اور چند مہینے زندہ رہ کر وفات پا گئیں یہ حضرت عثمان غنی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی ماں کی طرف سے بہن ہیں ۔
 (الاستیعاب ،کتاب کنی النساء،باب الکاف۳۶۳۷،أم کلثوم بنت عقبۃ،ج۴،ص۵۰۸)
Flag Counter