Brailvi Books

جنتی زیور
456 - 676
علم دین پڑھنے اور پڑھانے کی فضیلت
    علم دین پڑھنے اور پڑھانے کی فضیلت اور اس کے اجر و ثواب کی فضیلت کا کیا کہنا؟ اس علم سے آدمی کی دنیا و آخرت دونوں سنورتی ہیں اور یہی علم ذریعہ نجات ہے اﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید میں علم دین جاننے والوں کی بزرگی اور فضیلت کو بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ۔
یَرْفَعِ اللہُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْکُمْ وَالَّذِیْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ دَرَجٰتٍ ط(پ۲۸،المجادلۃ:۱۱)
    اﷲ تعالیٰ تمہارے ایمان والوں کے اوران لوگوں کے جن کو علم دیا گیا ہے بہت سے درجات بلند فرمائے گا۔

    ہمارے حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے بہت سی حدیثوں میں علم دین کی فضیلت بیان فرمائی ہے اور علم دین پڑھنے اور پڑھانے والوں کی بزرگیوں اور ان کے مراتب و درجات کی عظمتوں کا بیان فرمایا ہے چنانچہ ایک حدیث میں ارشاد فرمایا۔

حدیث:۔عالم کی فضیلت عابد پر ویسی ہی ہے جیسی میری فضیلت تمہارے ادنی پر پھر فرمایا کہ اﷲ تعالیٰ اور اس کے فرشتے اور تمام آسمان و زمین والے یہاں تک کہ چیونٹی اپنے سوراخ میں اور یہاں تک کہ مچھلی سب اس کی بھلائی چاہنے والے ہیں جو عالم کہ لوگوں کو اچھی باتوں کی تعلیم دیتا ہے ۔
 (سنن الترمذی،کتاب العلم،باب ماجاء فی فضل الفقہ علی العبادۃ،رقم۲۶۹۴، ج۴، ص۳۱۳۔۳۱۴)
حدیث:۔حضرت ابن عباس رضی اﷲ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ ایک گھڑی رات میں پڑھنا پڑھانا ساری رات عبادت کرنے سے افضل ہے۔
    (مشکوۃ المصابیح،کتاب العلم،الفصل الثالث،رقم۲۵۶،ج۱،ص۱۱۷)
حدیث:۔عالموں کی دواتوں کی روشنائی قیامت کے دن شہیدوں کے خون سے تولی جائے گی اور اس پر غالب ہوجائے گی ۔
    (کنزالعمال،کتاب العلم،قسم الاقوال ، رقم۲۸۷۱۱،ج۱۰،ص۶۱)
Flag Counter