Brailvi Books

جنتی زیور
357 - 676
اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ ہر مہینے کے تین روزے ایسے ہیں جیسے ہمیشہ کا روزہ۔
 (سنن ترمذی،کتاب الصوم،باب ماجاء فی صوم ثلاثۃ۔۔۔الخ،رقم ۷۶۲،ج۲،ص۱۹۴)
اور فرمایا کہ جس سے ہو سکے ہر مہینے میں تین روزے رکھے ہر روزہ اس دن کے گناہ مٹاتا ہے اور وہ شخص گناہوں سے ایسا پاک ہو جاتا ہے جیسے پانی کپڑے کو پاک کر دیتا ہے ۔
       (المعجم الکبیر، رقم۶۰،ج۲۵،ص۳۵)
     حضرت عبداﷲبن عباس رضی اﷲتعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم سفر وحضر میں ایام بیض کے روزے رکھتے تھے ۔
 (نسائی، کتاب الصوم،باب صوم النبی صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔الخ،ج۴،ص۱۹۸)
دو شنبہ اور جمعرات کا روزہ:۔رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ دوشنبہ اور جمعرات کو اعمال (دربار خداوندی) میں پیش کئے جاتے ہیں تو میں پسند کرتا ہوں کہ میرا عمل اس حال میں پیش کیا جائے کہ میں روزہ دار ہوں۔
 (جامع الترمذی،کتاب الصوم،باب ماجاء فی صوم الاربعاء والخمیس،ج۲،ص۱۸۷)
اور فرمایا کہ ان دونوں دنوں میں اﷲتعالیٰ ہر مسلمان کی مغفرت فرماتا ہے مگر ایسے دو آدمیوں کی جنہوں نے ایک دوسرے سے قطع تعلق کر لیا ہو ان دونوں کے بارے میں اﷲتعالیٰ فرشتوں سے فرماتا ہے کہ انہیں ابھی چھوڑ دو یہاں تک کہ یہ دونوں آپس میں صلح کر لیں۔
 (ابن ماجہ،کتاب الصیام،باب صیام یوم الاثنین والخمیس،رقم۱۷۴۰،ج۲،ص۳۴۴)
بدھ،جمعرات اور جمعہ کا روزہ:۔رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ جو بدھ و جمعرات و جمعہ کو روزہ رکھے اﷲتعالیٰ اس کے لئے جنت میں ایک ایسا مکان بنائے گا جس کے باہر کا حصہ اندر سے دکھائی دے گا اور اندر کا حصہ باہر سے۔
                (المعجم الاوسط،رقم۲۵۳،ج۱،ص۸۷)
Flag Counter