Brailvi Books

جنتی زیور
171 - 676
عقیدہ :۱۲اﷲتعالیٰ کے ہر کام میں بے شمار حکمتیں ہیں خواہ ہم کو معلوم ہوں یانا معلوم ہوں۔
(المسامرۃ بشرح المسایرۃ ، للہ تعالٰی فی کل فصل حکمۃ ، س۲۱۵)
     اﷲتعالیٰ کے کسی کام کو برا سمجھنا یا اس پر اعتراض کرنا یا ناراض ہونا یہ کفر کی بات ہے۔

    خبردار! خبردار! کبھی ہرگز ہرگز اﷲتعالیٰ کے کسی کام پر نہ اعتراض کرو ،نہ ناراض رہو بلکہ یہی ایمان رکھو کہ اﷲتعالیٰ جو کچھ کرتا ہے وہی اچھا ہے۔ خواہ ہماری سمجھ میں آئے یا نہ آئے کیونکہ اﷲتعالیٰ علیم و حکیم یعنی بہت زیادہ جاننے والا اور بہت زیادہ حکمتوں والا ہے اور وہ اپنے بندوں پر بہت زیادہ مہربان ہے۔
نبی و رسول
عقیدہ :۱اﷲتعالیٰ نے اپنے بندوں کی ہدایت کے لئے بہت سے پیغمبروں کو دنیا میں بھیجا۔ یہ سب پیغمبر تمام گناہوں سے پاک ہیں ۔
         (المسامرۃ بشرح المسایرۃ ، الکلام علی العصمۃ ، ص۲۲۷)
    اور اﷲتعالیٰ کے بہت ہی نیک بندے ہیں۔ اﷲ تعالیٰ کے سب پیغمبروں کا یہی کام ہے کہ وہ اﷲتعالیٰ کے پیغام اور اس کے احکام کو بندوں تک پہنچاتے ہیں۔
         (شرح العقائد النسفیۃ،کتاب مبحث النبوات،ص۱۴۰)
     اﷲتعالیٰ نے ان پیغمبروں کی سچائی ظاہر کرنے کے لئے ان کے ہاتھوں پر ایسی ایسی حیرت اور تعجب میں ڈالنے والی چیزیں ظاہر فرمائیں جو بہت ہی مشکل اور عادت کے خلاف ہیں جو دوسرے لوگ نہیں کرسکتے۔ ان چیزوں کو ''معجزہ'' کہتے ہیں۔
 (شرح العقائد النسفیۃ ، والنوع الثانی خبر الرسول المؤید بالمعجزۃ ، ص۱۷، مبحث النبواۃ ، ص۱۳۵)
    جیسے حضرت موسیٰ علیہ السلام کا عصا کہ وہ اژدہا بن کر فرعون کے سامنے جادوگروں کے سانپوں کو نگل گیا۔
 (روح البیان،طٰہٰ:۷۰،ج۵،ص۴۰۵)
Flag Counter