| جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول) |
(5) مَنۡ یَّعْمَلْ سُوۡٓءًا یُّجْزَ بِہٖ ۙ وَلَا یَجِدْ لَہٗ مِنۡ دُوۡنِ اللہِ وَلِیًّا وَّلَا نَصِیۡرًا ﴿123﴾
ترجمۂ کنزالایمان :جو برائی کریگا اس کا بدلہ پائے گا اور اللہ کے سوا نہ کوئی اپنا حمایتی پائے گا نہ مدد گار۔*(پ 5، النسآء : 123)
اس ضمن میں اور بھی بہت سی آیات پیش کی جا سکتی ہیں (مگر انہی کو کافی سمجھتے ہوئے اب اس ضمن میں مروی احادیث مبارکہ پیش کی جائيں گی)۔
(47)۔۔۔۔۔۔اللہ کے مَحبوب، دانائے غُیوب ، مُنَزَّہٌ عَنِ الْعُیوب عزوجل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل نے کچھ فرائض مقرر کئے ہیں لہٰذا تم انہیں ہرگز ضائع نہ کرو، کچھ حدیں قائم کی ہیں تم ہرگزان سے نہ گزرو، کچھ چیزیں حرام کی ہیں انہیں ہرگز ہلکا نہ جانو اور اس نے تم پر رحمت فرماتے ہوئے دانستہ کچھ چیزوں سے سکوت فرمایاہے لہٰذا ان کی جستجونہ کرو۔''(سنن الدارقطنی، کتاب الرضاع، الحدیث:۴۳۵۰،ج۴،ص۲۱۷)
(48)۔۔۔۔۔۔ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ ''اللہ عزوجل غیور ہے اور مؤمن بھی غیرت مند ہے جبکہ اللہ عزوجل کی غیرت اس بات پر ہے کہ بندۂ مؤمن اس کے حرام کردہ عمل ميں پڑے۔''
(صحیح مسلم، کتاب التوبۃ، باب غیرۃ اللہ تعالیٰ ۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۶۹۹۵،ص۱۱۵۶)
(49)۔۔۔۔۔۔دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''اللہ عزوجل سے زیادہ غیرت والا کوئی نہیں اسی لئے اس نے پوشیدہ اور ظاہر بدکاریوں کو حرام کردیا ہے اور اس سے بڑھ کر اپنی تعریف کو پسند کرنے والابھی کوئی نہیں۔''
(المرجع السابق،الحدیث۶۹۹۳)
(50)۔۔۔۔۔۔رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''مؤمن جب گناہ کرتاہے تو اس کے دل پر ایک سیاہ نکتہ لگا دیا جاتاہے پھر اگر وہ توبہ کرے اوربخشش چاہے تو اس کا دل صاف ہوجاتاہے اوراگر توبہ نہ کرے تو وہ نکتہ پھیلتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کے پورے دل کو گھیر لیتاہے۔''
(سنن ابن ماجہ ،ابواب الزہد،باب ذکر الذنوب،الحدیث :۴۲۴۴،ص۲۷۳۴)
یعنی وہ سیاہ نکتہ پورے دل کو ڈھانپ لیتا ہے اور یہ وہی زنگ ہے جسے اللہ عزوجل نے اپنی کتاب میں اس طرح ذکر فرمایا ہے:
کَلَّا بَلْ ٜ رَانَ عَلٰی قُلُوۡبِہِمۡ مَّا کَانُوۡا یَکْسِبُوۡنَ ﴿14﴾
ترجمۂ کنزالا یمان :کوئی نہیں بلکہ ان کے دلوں پر زنگ چڑھا دیا ہے ان کی کمائیوں نے۔(پ30،المطففین: 14)