یہ وہی احادیث مبارکہ ہیں جن کی طرف علامہ علائی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ وغیرہ نے اشارہ کیا تھا کہ یہ احادیث اس بات پر نص ہیں کہ ان میں بیان کردہ گناہ، کبیرہ ہیں یاکبیرہ گناہوں کو لازم ہیں۔ اگر اللہ عزوجل نے چاہا تو اس کی عطا کردہ مدد اور قوت سے ہم ان احادیث کی تفصیل میں جاتے ہوئے عنقریب ان گناہوں کوبھی بیان کریں گے جو مذکورہ گناہوں کے علاوہ ہیں، مگر ہم نے اس تفصیل سے پہلے علامہ علائی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ وغیرہ کے کلام کے ماخذ کی طرف اشارہ کرنا مناسب سمجھا، اور جہاں تک تمام کبیرہ گناہوں اور ان کے بارے میں مروی روایات کے بیان کا تعلق ہے تو انہیں ہم ان کے تذکرہ کے موقع پر مکمل تفصیل کے ساتھ بیان کریں گے۔ اللہ عزوجل اپنے فضل وکرم سے یہ کام آسان فرمائے ۔ (اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنِ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم )