ترجمۂ کنزالایمان:تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے نصیحت آئی اور دلوں کی صحت اور ہدایت اور رحمت ایمان والوں کے لئے۔ (پ11،یونس:57)
اللہ عزوجل ہی کے لئے تمام خوبیاں ہیں، جس نے بندوں پر رحمت اور اپنے جلالِ قدرت اورکمالِ عزت کو نامناسب اوصاف سے پاک کرنے والی غیرت کی وجہ سے انہیں کبیرہ گناہوں ، بدکاریوں، ممنوع کاموں، مفاسد ، نفسانی خواہشات ، لہوولعب کی برائیوں اورنافرمانیوں سے روکنے والی نصوص قطعیہ کے ذریعے بچایا۔اس کی کتابوں کی آیات علم وحکمت کے بحرِذُخَّاراور اس کے عدل کی خفیہ تدبیریں ہلاکت خیز اورتباہی وبربادی میں مبتلاکرنے والی ہیں۔
اگر بندے اپنے حقیقی ربّ عزوجل کی ناراضگی اور اس کی جانب سے ملنے والی دائمی رُسوائی اور عذاب کو لازم کرنے والے غضب سے نہ ڈريں، تو کہیں اس سبب سے وہ سخت ، دشوار گزارراستوں والی چراگاہ اور ہر چیز کو جلا کر خاکستر کر دینے والی جہنم کی آگ میں نہ جاپڑیں۔ اسی طرح جولوگ اس کی رحمت اور رضا کی موسلا دھا ر بارش اور اس کے محبوب اور پسندیدہ کاموں میں رغبت ،توفیق اور ہمیشہ کی زندگی میں بزرگی کے گھر تک پہنچنے کی تمنانہیں کرتے اور نہ ہی اس کے ارادے کو مقدم کرکے اُخروی زندگی کو ترجیح دیتے ہیں اور نہ ہی اس کے ناپسندیدہ بندوں سے منہ پھیرتے ہیں اور نہ ہی دنیاوآخرت میں نیک اعمال کے ذریعے غالب رہتے ہیں،وہ بھی اپنے حالات پر غور کرلیں ۔
مَیں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ عزوجل کے سوا کوئی معبود نہیں، ایسی گواہی جس کے ذریعے میں اس کی عالی جناب کی قطعی نافرمانی سے محفوظ رہوں اور اس کے کامل احباب کے ساتھ اس کے مقاماتِ قُرب میں ٹھکانا بناسکوں۔نیز میں گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے آقا، سیدالوریٰ ،احمد مجتبیٰ ،حضرت محمدمصطفی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ و سلَّم اس کے بندے اور رسول ہیں ۔اللہ عزوجل نے ہمیں ان کے اَحکام بجالانے ،ان کے منع کردہ اُمور سے رُک جانے اوران کے اخلاق اپنانے کا حکم دیا ہے۔اللہ عزوجل ان پر، ان کی آل پر اور ان کے اصحاب پر اپنی ذات کے دوام تک مشک کی پاکیزہ اور نفیس ترین خوشبو سے معطر درُودو سلام بھیجے، جن کی سچائی کی سفید چادر کو اللہ عزوجل نے مخالفت کی گندگی سے آلودہ ہونے سے محفوظ رکھااور انہیں اپنی شدیدخواہشات کو اللہ عزوجل اور اس کے رسول صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ و سلَّم کی رضا پر قربان کرنے کا جذبہ اور ہرقسم کے حالات میں احکام کی بجاآوری اور نواہی سے بچنے کاشعور دیا۔اسی طرح قیامت کے اس دن تک بھلائی میں ان کی پیروی کرنے والوں پر بھی درودوسلام ہوجب ہر ایک کے ساتھ اس کے عمل کے مطابق سلوک کیاجائے گا اور گنہگار سے کہاجائے گا کہ نافرمانی کا بدلہ رسوائی اور بربادی کے علاوہ کچھ نہیں جبکہ نیکوکار سے کہا جائے گا کہ نیکی کا بدلہ نیکی کے علاوہ کیا ہے ؟