Brailvi Books

جہنم میں لیجانے والےاعمال (جلد اول)
328 - 857
سنت چھوڑنے سے کیامراد ہے؟
    سنت سے مراد وہی طریقہ ہے جس پر اہل سنت وجماعت کے دوجلیل القدر امام حضرت سیدنا ابوالحسن اشعری اور ابومنصور ماتریدی رضی اللہ تعالیٰ عنہما ہیں، اوربدعت وہ ہے جس طریقہ پر ان دو(اماموں) اور ان کے تمام پیروکاروں کے اعتقاد کے مخالف بدعتی فرقوں میں سے کوئی فرقہ ہے اور بدعتیوں کی مذمت میں بہت سی صحیح احادیت آئی ہیں۔
بدعتیوں کی مذمت
 (8)۔۔۔۔۔۔تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جس نے ہمارے اس معاملہ (یعنی اسلام) میں کوئی ایسی نئی بات نکالی جواس میں سے نہیں تو وہ مردود ہے۔''
 (صحیح مسلم، کتاب الاقضیۃ،باب نقض الاحکام باطلۃ۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۴۴۹۲،ص۹۸۲)
 (9)۔۔۔۔۔۔مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے خطبہ میں اللہ عزوجل کی حمد وثناء بیان کرنے کے بعد ارشاد فرمایا: '' سب سے اچھی بات اللہ عزوجل کی کتاب اور سب سے بہترہدایت محمد صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی ہدایت ہے اور سب سے برے کام نئے پیدا ہونے والے امور ہیں۔''
 (صحیح مسلم، کتاب الجمعۃ، باب تخفیف الصلاۃ ۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث: ۲۰۰۵،ص۸۱۳)
 (10)۔۔۔۔۔۔مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانیت عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''مجھے تم پر تمہارے سینوں اور شرم گاہوں کی ہلاکت خیز خواہشوں اور گمراہ کر دینے والی خواہشات کا خوف ہے۔''
 (المسندللامام احمد بن حنبل،الحدیث: ۱۹۷۹۴،ج۷،ص۱۸۱)
 (11)۔۔۔۔۔۔شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''نئے پیدا ہونے والے امور سے بچتے رہو کیونکہ ہر نیا کام گمراہی ہے۔''
   (سنن ابی داؤد،کتاب السنۃ، باب فی لزوم السنۃ، الحدیث: ۴۶۰۷،ص۱۵۶۱)
 (12)۔۔۔۔۔۔صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا :''اللہ عزوجل ہر بدعتی کی توبہ کو روک لیتا ہے یہاں تک کہ وہ اس بدعت کو چھوڑ دے۔''
  (المعجم الاوسط،الحدیث:۴۲۰۲،ج۳،ص۱۶۵)

(سنن ابن ماجہ ، ابواب السنۃ، باب اجتناب البدع۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث:۵۰،ص۲۴۸۰)
 (13)۔۔۔۔۔۔نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :''جب تک بدعتی اپنی بدعت چھوڑ نہیں دیتا اللہ عزوجل اس کا عمل قبول کرنے سے انکارکردیتاہے۔''
 (سنن ابن ماجہ ، ابواب السنۃ، باب اجتناب البدع والجدل،الحدیث:۵۰،ص۲۴۸۰)
Flag Counter