| اسلامی زندگی |
اے غافلو!اے مشین والو!اگر مشین صحيح طریقہ سے چلانا چاہتے ہو تو رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے طریقہ پر چلاؤ جیسے جسم پر جان حکومت کرتی ہے کہ ہر عضو اس کی مرضی سے حرکت کرتا ہے اس طرح اس جان پر اس سلطان کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کوحاکم بناؤکہ جوحرکت ہوان ہی کی رضا سے ہو اسی کانام تصوّف ہے اور یہ ہی حقیقت، معرفت،اور طریقت کا مغز ہے حضرت صدر الافاضل دام ظلہم نے خوب فرمایا:
کھول دو سینہ مرا فاتحِ مکہ آکر
کعبۂ دل سے صنم کھینچ کے کردو باہر
آپ آجائيے قالب میں مرے جاں بن کر
سلطنت کیجئے اس جسم میں سلطاں بن کراسلامی شکل اور لباس:
اسلامی شکل یہ ہے کہ سرکے بال یا تو سب رکھائے یا سب کٹوادے یا سب منڈائے کچھ بال رکھنا کچھ کٹوانا منع ہیں،جیسے کہ انگریزی بال میں ہوتا ہے ایسے ہی کچھ بال رکھنا اور کچھ منڈانا منع ہے۔جیسے کہ بعض لوگ بیچ سر پر پان رکھواتے ہیں یا بعض لوگ سر کے اگلے حصّے پرچھجے رکھواتے ہیں یا بعض جاہل مسلمان کسی بزرگ کے نام کی بچوں کے سروں پر ہندوؤں کی طرح چوٹی رکھتے ہیں ۔یہ سب منع ہے اور جس کے کل بال رکھے ہوں وہ یا تو کان کی لو تک ،یا کندھوں تک رکھے یعنی تابگوش یا تابدوش ۔کہ یہ سنت ہے اور زیادہ لمبے بال رکھنا اور اس میں چوٹی مانگ عورتوں کی طرح کرنا منع ہے ۔