طہارت
طہارت کے مسائل
سوال …: طہارت کا کیا مطلب ہے؟
جواب …: طہارت کا مطلب یہ ہے کہ نمازی کا بدن، اس کے کپڑے اور وہ جگہ جس پر نماز پڑھنی ہے نجاست سے پاک صاف ہو۔
سوال …: طہارت کی کتنی قسمیں ہیں ؟
جواب …: طہارت کی دو قسمیں ہیں : (1)… طہارتِ صغریٰ (2)… طہارتِ کبریٰ۔
طہارتِ صغریٰ سے مراد وُضو اور طہارتِ کبریٰ سے مراد غُسْل ہے۔(1)
نجاست کی اقسام
سوال …: نجاست کی کتنی قسمیں ہیں ؟
جواب …: نجاست کی دو قسمیں ہیں : (1)… حُکْمِیَّہ (2)… حَقِیْقِیَّہ
سوال …: نجاستِ حُکْمِیَّہ سے کیا مراد ہے؟
جواب …: نجاستِ حُکْمِیَّہ وہ ہے جو نظر نہیں آتی، یعنی صرف شریعت کے حکم سے اُسے ناپاکی کہتے ہیں جیسے بے وُضو ہونا یا غسل کی حاجت ہونا۔
سوال …: نجاستِ حُکْمِیَّہ سے پاک ہونے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب …: اس نجاست سے پاک ہونے کا طریقہ یہ ہے کہ جہاں وُضو کرنا لازمی ہو وہاں وُضو کر لیا جائے اور جہاں غسل کی حاجت ہو وہاں غسل کر لیا جائے۔
________________________________
- 1 بہارِ شریعت، کتاب الطہارۃ، ۱ / ۲۸۲