جنت کے آٹھوں دروازے کھل جاتے ہیں :
حدیث ِ پاک میں ہے: ’’ جس نے اچھی طرح وضو کیا، پھر آسمان کی طرف نگاہ اٹھائی اور کلمۂ شہادت پڑھا اس کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دئیے جاتے ہیں جس سے چاہے اندر داخل ہو۔ ‘‘ (1)
وضو کے بعد سورۂ قدر پڑھنے کے فضائل:
حدیث ِ مبارکہ میں ہے: ’’ جو وضو کرنے کے بعد ایک مرتبہ سورہ ٔ قدر پڑھے تو وہ صدیقین میں سے ہے اور جو دو مرتبہ پڑھے تو شہدا میں شمار کیا جائے اور جو تین مرتبہ پڑھے گا تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ میدانِ محشر میں اسے انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ساتھ رکھے گا۔ ‘‘ (2)
نظر کبھی کمزور نہ ہو:
جو وضو کے بعد آسمان کی طرف دیکھ کر سورۂ قدر پڑھ لیا کرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کی نظر کبھی کمزور نہ ہو گی۔ (3)
دھونے کی تعریف:
کسی عضو کو دھونے کے یہ معنٰی ہیں کہ اس عضو کے ہرحصہ پر کم از کم دوقطرے پانی بہہ جائے۔ صرف بھیگ جانے یا پانی کو تیل کی طرح چُپڑ لینے یا ایک قطرہ بہہ جانے کو دھونا نہیں کہیں گے نہ اس طرح وضو ہو گا اور نہ ہی غسل۔
________________________________
- 1 السنن الکبریٰ للنسائی، کتاب عمل الیوم واللیلۃ، الحدیث: ۹۹۱۲، ج۶، ص۲۵
- 2 کنز العمال، الحدیث:۲۶۰۸۵، ج۹، ص۱۳۲
- 3 مسائل القران، ص۲۹۱ رومی پبلی کیشنز لاھور