یہ زمانہ جس پُرخطر دور سے گزر رہا ہے وہ سب پر ظاہر ہے کہیں الحاد و بے دینی کی ہوائیں چل رہے ہیں کہیں دیو بند یت ، مرزائیت کی آندھیاں اٹھ رہی ہیں ، ہر رو ز نئے نئے فرقے جنم لے رہی ہیں اور ہر فرقہ بغل میں قرآن دبا کر ہی دام فریب میں مبتلا کر نا چاہتا ہے جس کو دیکھو قرآن سنا سنا کر اپنی سچائی کااعلان کر رہا ہے ۔ جاہل سے جاہل بھی اپنے کو علامہ زمان سمجھ کر اکابرین اسلام بلکہ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی ذات بابرکات پر بھی زبان طعن دراز کرنے سے نہیں چُوکتا اور اپنے مقصد کیلئے قرآن کریم ہی کوپیش کرکے بھولے بھالے مسلمانوں کو گمراہ کرنے میں کوشاں ہے اور تر جمہ قرآن کی آڑ میں بے دینی پھیلا رہا ہے یہی وہ زمانہ ہے جس کے بارے میں نبی کریم سرورِ کائنا ت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ'' مسلمان کے لئے اس وقت زمین کی پیٹھ سے زمین کا پیٹ بہتر ہے خوش قسمت ہے وہ شخص جو اس زمانے میں دین سلامت لے گیا۔'' (حدیث) مسلمانو! دین اسلام بہت بڑی دولت ہے اس کی حفاظت بہت ہی ضروری ہے۔ مفسر قرآن حضرت حکیم الامت مفتی احمد یار خاں صاحب قبلہ نے مسلمانوں کو ترجمہ قرآن پڑھنے کیلئے اور فتنے سے بچانے کے لئے یہ کتا ب تصنیف فرمائی ہے تا کہ اس کو پڑھ کر مسلمان قرآن کی صحیح فہم حاصل کرسکیں ۔ اس کتاب میں قرآن کی اصطلاحیں قرآن کے قواعد اور قرآنی مسائل اس عمدہ طریقے سے بیان کئے گئے ہیں کہ جن سے ترجمہ قرآن بہت آسان ہوجاتا ہے ۔ صاحبزادہ اقتدار احمد خاں مفتی دار العلوم مدرسہ غوثیہ نعیمیہ گجرات ۔