یا اِلٰہ العٰلَمِین عَزَّوَجَلَّ ! مانگنے والے تیرے دروا زے پر کھڑے ہیں اور فقرا ء تیری بارگاہ کی پناہ لئے ہوئے ہیں، سائلین کی کشتی تیرے بحرِکرم کے ساحل پرکھڑی ہے، سب اس اجازت نامے کی اُمیدکئے ہوئے ہیں جو تیری رحمت کے کنارے تک پہنچا دے۔ یا الٰہی عَزَّوَجَلَّ! اگر تو اس مہینے صرف ان لوگوں کی ہی عزت بلند فرمائے گا جنہوں نے تیری رضا کی خاطر روزے رکھے تو گناہوں کے سمندرمیں ڈوبے ہوئے گنہگار کہاں جائیں گے؟ اگر تو صرف اطاعت شعاروں پررحم فرما ئے گاتو نافرمانوں کا کیا بنے گا؟ اگر توصرف عمل کرنے والوں کوقبول فرمائے گا تو کوتاہیاں کرنے والوں کوکون سہارا دے گا؟ یاا لٰہی عَزَّوَجَلَّ! روزے دار نفع حاصل کر گئے، راتوں کوقیام کرنے والے کامیابی کی چوٹی پرپہنچ گئے، اخلاص والے نجات پاگئے۔ ہم تیرے گنہگاربندے ہیں، ہم پر رحم فرما اور ہمیں اپنے فضل و احسان سے نواز دے اور ہم سب کومحض اپنی رحمت سے بخش دے۔