Brailvi Books

حکایتیں اور نصیحتیں
556 - 649
    اے بارگاہ خداوندی عَزَّوَجَلَّ سے منہ موڑنے والے! تو  کب تک اس کی بارگاہ سے رُو گردانی کرتا رہے گا؟(ہوش میں آ) دُنیوی مقاصد کی طلب میں تیری جوانی چلی جائے گی اور تجھ سے منہ موڑ لے گی۔ تجھ پر افسوس! کیا تو نہیں جانتا کہ تیری عمر ختم ہو رہی ہے، تیرے اعضاء ہر لمحہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہے ہیں، سفرِ آخرت کے لئے زادِ راہ اکٹھا کرلے، اللہ عَزَّوَجَلَّ کی قسم! سفر بہت طویل ہے۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے:
وَ جَآءَتْ سَکْرَۃُ الْمَوْتِ بِالْحَقِّ ؕ ذٰلِکَ مَا کُنۡتَ مِنْہُ تَحِیۡدُ ﴿19﴾
ترجمۂ کنزالایمان:اور آئی موت کی سختی حق کے ساتھ، یہ ہے جس سے تو بھاگتاتھا۔ (پ26،قۤ:19)

    اے محافلِ وعظ میں صرف اپنے جسم کے ساتھ حاضر ہونے والے! تیرا دل تو اسباب ِ دُنیا میں مشغول ہے۔ اے اپنی عمر کا اکثر حصہ ضائع کرکے بھی تو بہ نہ کرنے والے! اے وہ شخص جس کو نافرمانیوں اور گناہوں نے تاریک حجاب والا لباس پہنا دیا!اے وہ شخص جس پر خواہشاتِ نفسانیہ نے تقویٰ کا ہر دروازہ بند کردیا! اپنے آپ پر رواور اپنے گناہوں کوشمار کرکہ بعض اوقات رونا دھونا اور گناہوں کوشمار کرنا بھی فائدہ دیتا ہے۔اللہ عَزَّوَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے:
وَ جَآءَتْ سَکْرَۃُ الْمَوْتِ بِالْحَقِّ ؕ ذٰلِکَ مَا کُنۡتَ مِنْہُ تَحِیۡدُ ﴿19﴾
ترجمۂ کنزالایمان:اور آئی موت کی سختی حق کے ساتھ، یہ ہے جس سے تو بھا گتاتھا۔(پ26،قۤ:19)

    کیا تجھے معلوم نہیں کہ موت تیری تا ڑ میں ہے۔ اس نے دوسروں کا شکار کیا اور عنقریب تیرا بھی شکار کرے گی۔کیا تجھے نہیں معلوم کہ اس نے ان تمام لوگوں کے ساتھ کیا کِیا؟ کیا موت سے غفلت کسی شہر یا گاؤں میں تجھے اس سے بچالے گی؟ کیا تو اللہ مجیدعَزَّوَجَلَّ کے اس مبارک فرمان کو دل کے کانوں سے سماعت نہیں کرتا۔اللہ عَزَّوَجَلَّ واضح طور پر فرماتا ہے:
وَ جَآءَتْ سَکْرَۃُ الْمَوْتِ بِالْحَقِّ ؕ ذٰلِکَ مَا کُنۡتَ مِنْہُ تَحِیۡدُ ﴿19﴾
ترجمۂ کنزالایمان:اور آئی موت کی سختی حق کے ساتھ، یہ ہے جس سے تو بھاگتاتھا۔(پ26،قۤ:19)

    اے نقصان دِہ چیزوں کی طرف متوجہ ہونے والے اور نفع مند چیزوں سے منہ موڑنے والے اور اپنی عمر برباد کرنے والے! ( سن!) اللہ عَزَّوَجَلَّ نے عمر کوشمار کررکھا ہے اور اس پرایک نگہبان مقرَّر فرمادیاہے۔(غورتوکر!)مضبوط محلات اورمحفوظ قلعوں میں بند رہنے والے کہاں چلے گئے؟ تکبر کرنے والے ظالم اورناشکرے کہاں ہیں؟ کیا موت نے انہیں ان کے محلات اور بنگلوں سے نکال کر ان کی لمبی لمبی اُمیدوں کی رسی نہ کاٹ ڈالی؟ کیاسختیاں اورظلم کرنے والے قبروں کی تاریکی میں تنہا نہیں رہ گئے؟کیا انہوں نے اللہ عَزَّوَجَلَّ کا یہ فرمانِ حقیقت نشان نہیں سنا تھا:
Flag Counter