سب خوبیا ں اس ذا ت کے لئے ہیں جوحمد کی مستحق ہے، اپنی کبریائی میں واحد ہے ،اس کا نہ کوئی ہم پلہ ہے اور نہ ہی اس کی کوئی حد ہے،بلند ہے، قوی ہے، مددگار ہے، حمید ہے، غنی ہے، غنی کرنے والا ہے، پیدا کرنے اور لوٹانے والاہے، ایسا عطا کرنے وا لاہے جس کی عطا کبھی فنا اور ختم ہونے والی نہیں، ایسا روکنے والا ہے کہ جس سے وہ روک لے اسے کوئی دینے والا نہیں اور اپنے ارادے میں کسی کا محتاج نہیں، مخلوق کو پیدا کرکے اَحْسَن طریقے سے راہِ راست پر چلانے والا ہے اور اس نے مخلوق کی صورتوں کو اچھا بنایا اور ان کو جنت میں نعمتوں اور ہمیشہ رہنے کی خوشخبری دی اورعبرت والی آنکھوں سے نوازا اور عذابِ نار اور وعید سے ڈرایا اور شکر کو لازم کیااور اس نے ان کے لئے اپنے مزید فضل کے خزانے کا ذمہ لیا اور ان پر موت کو مسلط کیا پس کوئی بھی اس سے برئ الذمہ نہیں، کتنے ہی لوگوں کوموت نے اپنے دوستوں کی جدائی میں رُلایا؟ کتنوں کو نومولود چھوڑا اور ان سب کو گریہ و زاری میں مشغول کردیا، حالانکہ اللہ عَزَّوَجَلَّ نے کسی کو غمزدہ پیدا کیا،نہ غمزدہ لوٹائے گا۔ موت کے سبب مضبوط عمارتیں بربادہو گئیں اور موت نے فنا کے سبب اس گھر کے رہنے والوں پر حکومت کی اور روحوں کے پرندے اپنے گھونسلوں سے اُڑ گئے اور ان کی عیشِ زندگی کو تنگی میں بدل دیا تو اب بے آب وگیاہ زمین میں بادشاہوں، غلاموں، غنیوں اور محتاجوں کی قبریں ایک جیسی ہیں۔
پاک ہے وہ ذات! جس نے موت کے ذریعے مغروروں میں سے ہر ایک کو مسلسل ذلیل کیا اور موت کے ذریعے بڑے بڑے بہادر بادشاہوں کو شکست دی اور ان کو وسیع محلات سے اٹھاکر اندھیری قبروں میں پہنچادیااور ان کی لمبی لمبی امیدوں کو کاٹ کر رکھ دیا، موت نے ان کے آباؤاجداد کو پکڑ لیا۔ اور بچوں کو جھولوں سے اُٹھا کر قبروں کو ان کاگھر بنادیا اور چہروں کو خاک میں ملا کر رکھ دیا، موت چھوٹے بڑے، امیر فقیر، حاکم محکوم اور باپ اولاد سب کے لئے برابر ہے اور اس نے مردوں عورتوں سب کو فناکردیا اور اب قیامت تک ان کی یادباقی ہے۔
کیا غافل انسان ان کی ہلاکت وبربادی سے عبرت حاصل نہیں کریگا؟ حالانکہ موت نے ان سب کو فنا اور ان کی جمعیت کو تِتَّرْ بِتَّرْ کر دیا۔ انسان کیسے دھوکے میں رہتا ہے حالانکہ وہ جانتا ہے کہ اللہ عزَّوَجَلَّ ظالم کو مہلت دیتا ہے مگرجب وہ گرفت فرماتا ہے توکوئی اس سے نہیں بچاسکتا۔ کیا لوگ یہ بات نہیں جانتے ؟اور ان کی جانیں موت سے محفوظ نہیں۔ (جیساکہ فرمانِ الٰہی عَزَّوَجَلَّ ہے:)