Brailvi Books

حکایتیں اور نصیحتیں
384 - 649
آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دو انگارے اپنی بیٹی کی طرف بھیجے اور ارشاد فرمایا:'' اگر تم اپنے کانوں میں ان دو انگاروں کو ڈالنے کی طاقت رکھتی ہو تو میں تمہاری طرف موتی بھیج دوں گا۔''

    حضرت سیِّدُنا عیسیٰ بن سنان علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں کہ ''حضرت سیِّدُنا عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کوئی گھر تعمیر نہیں کیا ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے وجہ پوچھی گئی تو ارشاد فرمایا: ''یہ نبئ مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسولِ اَکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی سُنَّتِ مبارکہ ہے۔ آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم اس حال میں دنیا سے پردہ فرما گئے کہ اینٹ پر اینٹ رکھی نہ سَرکَنڈے (یعنی کانے) پر سَرکَنڈا(یعنی آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے کوئی عمارت نہ بنائی)۔
 (شعب الایمان للبیھقی،باب فی الزھد وقصر الامل،فصل فی ذم بناء ما لا۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث۱0۷۲۶،ج۷،ص۳۹۵)
آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا فقر:
    حضرت سیِّدُنا ابوداؤد وصی علیہ رحمۃاللہ القوی فرماتے ہیں''کہ حضرت سیِّدُنا عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ایک سیڑھی تھی جس پر آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ چڑھاکرتے تو اس سے آوازیں آتی تھیں اور کمزور ہونے کے سبب وہ ہلنے لگتی۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دوستوں میں سے کسی نے اس کو گارے سے مضبوط کر دیا۔ جب آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اُس پرچڑھے تو دیکھا کہ اب کی بار آواز نہیں ا رہی۔ دریافت کرنے پر عرض کی گئی:''فلاں نے اسے ٹھیک کر دیاہے۔''تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ارشاد فرمایا: ''اس کو واپس اپنی حالت پر کردو۔ کیونکہ جب سے مجھے خلافت کی ذمہ داری سونپی گئی میں نے اللہ عَزَّوَجَلَّ سے عہد کر رکھا ہے کہ کوئی دیوار بناؤں گا نہ عمارت۔''

    اے تعمیرِ دُنیا میں عمر برباد کرنے والے! غور سے سن!اس کا نفع بہت کم اورنقصان بہت زیادہ ہے ۔ہمارے اسلافِ کرام رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین دُنیا برباد کر کے آخرت آباد کرتے تھے جبکہ تم دُنیا آباد کر کے آخرت برباد کرتے ہو۔

    اے عمارتوں اور گھروں کے دلدادہ! موت کے جام تجھ پر گردش کررہے ہیں۔ اے تاریک دل والے! دل میں نور کہاں سے آئے جبکہ تیرا باطن خراب ہے اور ظاہر آباد ہے۔ اگر تو قبروں کو یاد کرتا تو دنیا آباد کرنے کی فکر نہ کرتا۔ اے مغرور! عنقریب تجھ سے دنوں اور مہینوں کا حساب لیا جائے گا۔ اے وہ شخص جو حضورئ قلب کے بغیر نماز پڑھتا ہے اور جس کاروزہ غیبت میں چُھپا ہوا ہے! اللہ عَزَّوَجَلَّ  کب تک تجھ پر لطف وکرم کرتا رہے گا اورتو اس سے دُوری اختیار کرتا رہے گا۔ اے ناشکرے! کب تک وہ تجھ پر احسان فرماتا رہے گا اور تو چھپ چھپ کر گناہوں سے اس کا مقابلہ کرتا رہے گااور کب تک وہ تجھے مہلت دیتا رہے گا کہ تو توبہ کرلے کیونکہ وہ تو غفور ورحیم ہے اور جانتا ہے چوری چھپے کی نگاہ اور جو کچھ سینوں میں چھپا ہے (یعنی نگاہوں کی خیانت اورچوری نامحرم کو دیکھنا اور ممنوعات پر نظر ڈالنا۔ بحوالہ خزائن العرفان)۔
Flag Counter