تو ان کا سہارا کون ہوگا؟ یا الٰہی عَزَّوَجَلَّ !جب تائبین تیری بارگاہ میں رجوع کرتے ہیں تو تُوہی ان کی توبہ قبول فرماتا ہے۔
یااللہ عَزَّوَجَلَّ! عارفین معرفت کے ذریعے تجھ تک پہنچ گئے اور عبادت کی کثرت کرنے والوں کی تیری بارگاہ میں حاضری ہو گئی ۔ یااللہ عَزَّوَجَلَّ! متکبرین تیرے جلال کی ہیبت سے لرزتے ہیں، ظالم و جابر تیرے کمالِ اقتدار سے کانپتے ہیں اور تیرے دیدار کی تڑپ رکھنے والے تیرے جمال کا مشاہدہ کرکے راحت پاتے ہیں۔ یااللہ عَزَّوَجَلَّ!محبین کے جگر تیری طلب میں پاش پاش ہوئے جاتے ہیں،قیام کرنے والے تیری مناجات کی لذت سے کامیابی کا ہار پہنتے ہیں،باعمل لوگ تیرے ثواب سے نفع مند ہوتے ہیں اور ہر لمحہ تجھے پیشِ نظر رکھنے والے تیرے قرب میں حاضر ہوتے ہیں۔
یااللہ عَزَّوَجَلَّ! تیری بارگاہ میں گنہگاراپنے گناہوں پر نادِم،نافرمان شرمندہ ہیں،تیری کڑی نگرانی سے حیاء کے مارے سر جھکائے کھڑے ہیں،خطا کار تیری ہیبت سے خاموش ہیں،خائفین تیری عظیم طاقت سے پارہ پارہ ہو رہے ہیں، یااللہ عَزَّوَجَلَّ! اگر تو صرف عبادت گزاروں پر رحم فرمائے گا تو خواب ِ غفلت میں سونے والوں پر رحم کون کریگا؟ یااللہ عَزَّوَجَلَّ! اگر تو صرف باعمل بندوں پر ہی نظرِ رحمت فرمائے گا تو کوتاہوں کا کیابنے گا؟ یااللہ عَزَّوَجَلَّ!اپنی بارگاہ سے بھٹکے ہوؤں کو اپنی معرفت کے دروازوں کی طرف لوٹا دے ۔ اور بھٹکے ہوؤں کے دلوں کو اپنی مہربانی اور لطف وکرم کے انوار سے ہدایت عطا فرما اور اے سب سے بڑھ کر رحم فرمانے والے! ان سب کو اپنے سایۂ عفو و کرم میں داخل فرماکر ان کو اپنی مغفرت سے نواز دے۔(آمین)