Brailvi Books

حکایتیں اور نصیحتیں
266 - 649
دنوں کے بعد پانی ختم ہو گیا۔ قافلے نے ایک پہاڑ کے دامن میں پڑاؤ کیا ہوا تھا ، آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے اپنے ایک مرید سے کہا: ''یہ مشکیزہ لو اور اس پہاڑ کی چوٹی پر چڑھ کر پاک مِٹی لے آؤتاکہ ہم اس سے تیمم کر یں ، کیونکہ نماز کا وقت ہو چکا ہے۔''اس نے حسب ِ حکم مشکیزہ لیا اور پہاڑ پر چڑھ کر مشکیزے میں مٹی ڈالنے لگا۔اچانک اس نے ایک آواز سنی ۔اِدھر ُادھر دیکھا توگرجا گھر میں ایک راہب نظر آیا۔ راہب نے پوچھا: '' ا س مٹی کا کیا کرو گے؟''اس نے جواب دیا: '' ہم اُمَّتِ محمدیہ علٰی صاحبھا الصلٰوۃ والسلام کے لوگ ہیں۔ جب پانی نہیں ملتا تو ہم مٹی سے تیمم کر لیتے ہیں۔'' راہب بولا: میرے ہاں ایک صاف و شفاف کنواں ہے، تم اس سے پانی بھی پی لو اور وضو بھی کر لو۔'' اس مرید نے کہا: ''پہاڑ کے نیچے ہمارا ایک قافلہ ٹھہرا ہوا ہے۔''راہب نے کہا : ''تم جاؤ اور سب کو بُلا لاؤ۔''و ہ حضرت سیِّدُنا جنید رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور راہب کے متعلق بتایا۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اسے فرمایا:'' جا کر اُسے کہو، ہم ستر افراد ہیں،کیا اس کھنڈر میں آجائیں گے؟''وہ مرید دوبارہ گیا اور راہب کو جا کر ساری بات بتائی تو اس نے کہا: '' اگر چہ ایک ہزارہی کیوں نہ ہوں کیونکہ میں محمد( صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم) اورآپ کی امت کی قدر کرتااور ان سے محبت کرتا ہوں ۔''جب مرید نے واپس جا کر آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کو بتایا تو آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ سارے قافلے کو لے کر پہاڑ پر چڑھ گئے۔راہب نے اس کھنڈر کا دروازہ کھول دیا۔ سبھی نے خوب سیر ہو کر اس کنوئیں سے پانی پیا اور وضو کر کے نماز ادا کی۔ جب فارغ ہوئے تو راہب نے سب کو ایک ایک بڑی پلیٹ پیش کی جس میں طرح طرح کے کھانے تھے۔ سب نے کھانا کھایا۔ پھر ایک طشت اورلوٹا حاضر کیا ،سب نے اپنے ہاتھوں کو دھو کر مُشک لگائی۔جب راہب نے مہمان نوازی کر لی تو پوچھا: ''کیا تم میں سے کوئی اس مناسبت سے قرآنِ کریم کی تلاوت کرنے والا ہے؟ حضرت سیِّدُنا جنید رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ایک مرید کو اشارہ کیا تو اس نے اس آیتِ کریمہ کی تلاوت شروع کی:
 (1) اِنَّ الَّذِیۡنَ سَبَقَتْ لَہُمۡ مِّنَّا الْحُسْنٰۤی ۙ اُولٰٓئِکَ عَنْہَا مُبْعَدُوۡنَ ﴿101﴾ۙ
ترجمۂ کنزالایمان:بے شک وہ جن کے لئے ہمارا وعدہ بھلائی کا ہو چکا وہ جہنم سے دور رکھے گئے ہیں۔(پ17، الانبیآء: 101)

    آیتِ مبارکہ سن کر راہب کی چیخیں نکل گئیں اور کہنے لگا: ''ربِّ کعبہ عَزَّوَجَلَّ کی قسم! ہم نے صلح کر لی۔''جب قاری نے قرآنِ کریم کی تلاوت مکمل کی تواس نے پھر کہا: '' میں تمہیں قسم دے کرپوچھتاہوں کہ کیا تم میں کوئی اچھا شعر کہنے والا ہے؟کیونکہ میں سماع کو پسندکرتا ہوں۔'' آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ایک مرید کی طرف اشارہ کیاتو اس نے چند اشعار پڑھے، جن کا مفہوم یہ ہے: ''اس نے طویل عرصہ تک دُوریوں کو برقرار رکھا، تو اسے معلوم ہواکہ عذر خواہی کے راستے کیسے ہیں،پھر بھی دوری برقرار رکھنے کو اس نے پسند کیا اور فراق کے سمندر میں غوطہ زن رہا ۔ اور وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ وفا کے ساتھ ناانصافی کے زخم اگرچہ ختم بھی ہو جائیں تب بھی ان کے نشانات نہیں مٹتے۔'' ان اشعارکو سن کر راہب کافی دیر تک روتا رہا، پھر بولا: ''مزید اشعار سنائیے۔''
Flag Counter