اے علَّامُ الغیوب عَزَّوَجَلَّ !در گزر فرماکہ ہم تیری رحمت سے اچھا گمان رکھتے ہیں۔یااللہ عَزَّوَجَلَّ !میری حسرت کتنی عظیم ہے کہ میں دوسروں کو نصیحت کرتا ہوں اور خود غافل ہوں۔یااللہ عزَّوَجَلَّ ! مجھ پر کتنی سخت مصیبت ہے کہ میں دوسروں کوجگاتا ہوں اور خود سویاہوا ہوں،اے میرے مالک عَزَّوَجَلَّ! میرا معاملہ کتنا عجیب ہے کہ میں دوسروں کی رہنمائی کرتا ہوں اور خود حیرت زدہ ہوں ۔یاالٰہی عَزَّوَجَلَّ! نصیحت کرنے والے اوربےکار باتوں میں پڑنے والے سے درگزر فرما۔ یاالٰہی عَزَّوَجَلَّ!اگر میراکلام خالص تیری رضا کے لئے نہیں تو میرے اجتماع میں کوئی توایسا شخص ہوگا جو خالص تیری رضا کے لئے حاضرہواہو گالہٰذا اپنے وجہِ کریم کے صدقے میری کوتاہی کے معاملے میں اس کی شفاعت قبول فرما۔ اور اے سب سے بڑھ کر رحم فرمانے والے! ہم سب پر اپنی خاص رحمت فرما۔(آمین)