تمام خوبیاں اللہ عزَّوَجَلَّ کے لئے ہیں جس نے عجائباتِ عبرت کے مشاہدے کے لئے اپنے اولیا ء کرام رحمہم اللہ تعالیٰ کی نگاہیں کھول دیں اور ان کے رنج وغم کو مناجات کی صفائی اور محبت کی لذت کے ذریعے اسباب کی مصروفیات اور پریشانیوں کی آمیزش سے نجات عطا فرمائی۔ ان پرمہربانیوں کے پنگھوڑے میں اپنا دستِ کرم پھیرا ، انہیں اپنی کرم نوازیوں کے جام پلائے اور ان کے نورِ بصیرت وبصارت کو ممنوع خواہشات سے روکا تو ان کے دل خدا کے پے در پے احکام، اس کی تدبیر، ارادہ مقدر کرنے اورتقدیروں کے پھیرنے پر راضی ہو گئے۔ان کے دل صاف ہونے کی وجہ سے اللہ عزَّوَجَلَّ نے ان کے لئے اعمال کا بسترتیار کیا تو انہوں نے اپنے محبوبِ حقیقی عَزَّوَجَلَّ کے ساتھ تنہائی اختیار کرنے کو پسند کیا اور دنیوی بستروں کو چھوڑ دیاجیساکہ اللہ عزَّوَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے:
''تَتَجَافٰی جُنُوبُھُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ
ترجمۂ کنزالایمان :اُن کی کروٹیں جدا ہوتی ہیں خوابگاہوں سے۔''(پ۲۱،السجدۃ:۱۶)
وہ شب بیداری سے لُطف اندوز ہوتے ہیں،نئی نئی چیزوں کے وجود میں آنے اور حالات بدلنے سے ان میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوتی اس لئے کہ ان کے دل یادِ الٰہی عَزَّوَجَلَّ کی وادیوں اور قدرتِ خداوندی کے عجائبات میں غور و فکر کے دریاؤں میں مستغرق رہتے ہیں۔انہوں نے نفس کی پیروی سے خود کو بچالیا جس کے سبب ان کی روحوں کے پرندے اللہ عزَّوَجَلَّ کی معرفت کے باغات میں عظیم ُ الشان سلطنت کی شاداب زمین اور نہروں میں سیر کرتے ہیں۔ کائنات کا ہر ذرہ انہیں توحید کے نغمات میں محو نظر آتا ہے ۔ ان کے ہا ں امارت وغربت، عزت و ذلت ،مدحت و مذمت،سہولت وصعوبت سب یکساں ہیں۔ پاک ہے وہ ذات جس نے انہیں راہِ نجات پر اخلاص کے ساتھ چلنے کی توفیق عطا فرمائی تو انہوں نے دنیا کے جال سے چھٹکارا پاکر قرب ِ الٰہی عَزَّوَجَلَّ پالیا ، لہٰذا انہیں بڑی گھبراہٹ غمگین نہ کرے گی۔ میں اللہ عزَّوَجَلَّ کی حمد کرتا ہوں، اس کا شکر بجا لاتا ہوں،اس پر ایمان لاتا ہوں، اسی پر بھروسہ کرتا ہوں اور ہر طرح کی طاقت وقوت سے اس شخص کی طرح براءَت کا اظہار کرتا ہوں جو اپنے جرائم کا اعتراف و اقرار کرتا ہے۔ اور میں جمالِ الٰہی عَزَّوَجَلَّ کامشاہدہ کرنے والے اور حُسنِ خاتمہ کے ساتھ اس کی بارگاہ میں کامیاب ہونے والے کی طرح گواہی دیتا ہوں کہ اللہ عزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ یکتا ہے ، اس کا کوئی ہمسر نہیں ، اور یہ گواہی دیتا ہوں کہ خاتم ُ النبین،صفوَۃُ المرسلین،امامُ المتقین، سیِّدُ الاوّلین والآخرین حضرت سیِّدُنا محمد صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلَّم اللہ عزَّوَجَلَّ کے خاص بندے اور