''مجلس المدینۃ العلمیہ'' نے اس کتاب کی انہی خوبیوں کومدنظررکھتے ہوئے ''اپنی اورساری دنیاکے لوگوں کی اصلاح کی کوشش ''کے مقدس جذبہ کے تحت اس کاانتخاب کیااورشعبہ تراجم کتب کے مدنی علماءکَثَّرَھُمُ اللہ تَعَالٰی کواس کے اردو ترجمہ کاکام سونپا۔اَلْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ !ان مدنی علماء کَثَّرَھُمُ اللہ تَعَالٰی کی دن رات مسلسل کوششوں اور انتھک کاوشوں سے اس کا اُردو ترجمہ بنام'' حکایتیں اورنصیحتیں'' آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ اس میں جو بھی خوبیاں ہیں وہ یقیناً اللہ عَزَّوَجَلَّ اور اس کے پیارے حبیب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی عطاؤں، اولیائے کرام رحمہم اللہ تعالیٰکی عنایتوں اور شیخ طریقت، امیر اہلسنت، بانی ئ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطارؔقادری دامت برکاتہم العالیہ کی پُرخلوص دعاؤں کا نتیجہ ہے اورجو خامیاں ہیں ان میں ہماری کوتاہ فہمی کادخل ہے۔
مصنف ِ کتاب حضرت سیِّدُناشعیب حریفیش رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے چونکہ اس کتاب کوبیانات(یعنی تقریروں) کی شکل میں ترتیب دیاتھا۔لہٰذاان کا انداز برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔ان شاء اللہ عَزَّوَجَلَّیہ کتاب علماء کرام کَثَّرَھُمُ اللہ تَعَالٰی ، واعظین ،خطباء اور عام مبلغین اسلامی بھائیوں کے لئے بہت معاون ثابت ہوگی۔ ترجمہ کے لئے ''دَارُاِحْیَاءِ التُّرَاثِ الْعَرَبِی'' (بَیْرُوْت - لَبْنَان)کا نسخہ استعمال کیاگیاہے۔
ترجمہ کرتے ہوئے درج ذیل اُمور کاخاص خیال رکھا گیا ہے :
٭۔۔۔۔۔۔ سلیس اوربامحاورہ ترجمہ کیا گیا ہے تاکہ کم پڑھے لکھے اسلامی بھائی بھی اچھی طرح سمجھ سکیں۔
٭۔۔۔۔۔۔آیاتِ مبارکہ کا ترجمہ اعلیٰ حضرت، امامِ اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن کے ترجمہ قرآن کنز الایمان سے لیا گیا ہے۔
٭۔۔۔۔۔۔بیان کردہ احادیث مبارکہ کی تخریج کاحتی المقدور اہتمام کیا گیا ہے۔بعض تخاریج انتہائی کوشش کے باوجود نہ مل سکیں۔
٭۔۔۔۔۔۔بعض مقامات پر مفیدحواشی کااہتمام کیاگیاہے،بالخصوص ''خزائن العرفان ''سے کئی آیات مبارکہ کی تفسیرحاشیہ میں لکھ دی گئی ہے ۔
٭۔۔۔۔۔۔کئی مقامات پرمشکل الفاظ کے معانی بریکٹ میں لکھ دیئے گئے ہیں۔نیزکئی الفاظ پر اعراب بھی لگائے گئے ہیں۔
٭۔۔۔۔۔۔علاماتِ ترقیم(رُموزِاوقاف) کابھی خیال رکھا گیاہے ۔
اللہ عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ہمیں ''اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش'' کرنے کے لئے مدنی اِنعامات پر عمل اور مدنی قافلوں میں سفر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور دعوتِ اسلامی کی تمام مجالس بشمول ''مجلس المدینۃ العلمیۃ'' کو دن پچیسویں رات چھبیسویں ترقی عطا فرمائے۔