غوثِ پاک کے حالات |
حضرت شیخ ابوعمروعثمان بن مرزوق قرشی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ'' شیخ عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ہمارے شیخ،امام اورسیدہیں اور ان سب کے سردار ہیں جو کہ اس زمانہ میں اللہ عزوجل کے راستہ پرچلتے ہیں یاجن کو حال دیا گیا، سیدناشیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ان کے احوال کی منزلوں میں امام ہیں، اللہ عزوجل کے سامنے ہمارے کھڑے ہونے میں امام ہیں، اس زمانے کے اولیاء اور تمام بلندمراتب والوں سے اس بات کا سختی سے عہد لیا گیاکہ'' ان کے قول کی طرف رجوع کریں اور ان کے مقام کا ادب کریں۔'' (بہجۃالاسرار،ذکراحترام المشایخ والعلماء لہ وثنائہم علیہ،ص۳۳۲)
میرایہ قدم ہرولی کی گردن پرہے:
حافظ ابوالعزعبدالمغیث بن ابوحرب البغدادی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے مروی ہے کہ ہم لوگ بغداد میں حضرت غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی رباط حلبہ میں حاضر تھے اس وقت ان کی مجلس میں عراق کے اکثر مشائخ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ محاضر تھے۔اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ان سب حضرات کے سامنے وعظ فرما رہے تھے کہ اسی وقت آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا
''قَدَمِیْ ھٰذِہٖ عَلٰی رَقَبَۃِ کُلِّ وَلِیِّ اللہ''
یعنی میرایہ قدم ہرولی اللہ کی گردن پر ہے'' ۔ یہ سن کر حضرت سیدنا شیخ علی بن الہیتیرحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اٹھے اور منبر شریف کے پاس جا کر آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا قدم مبارک اپنی گردن پر رکھ لیا۔بعد ازیں (یعنی ان کے بعد)تمام حاضرین نے آگے بڑھ کر اپنی گردنیں جھکا دیں ۔
(بہجۃالاسرار،ذکرمن حضرمن المشائخ...الخ،۲۱،ملخصاً)