Brailvi Books

غوثِ پاک کے حالات
57 - 96
مہمان نوازی:
    روزانہ رات کو آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا دسترخوان بچھایا جاتا تھا جس پر آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ اپنے مہمانوں کے ہمراہ کھانا تناول فرماتے،کمزوروں کی مجلس میں تشریف فرما ہوتے،بیماروں کی عیادت فرماتے،طلب علم دین میں آنے والی تکالیف پر صبر کرتے۔
 (بہجۃالاسرار،ذکرشی من شرائف اخلاقہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ،ص۲۰۰)
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ باطن کے حالات جان لیتے تھے:
    حضرت شیخ ابو محمد الجونی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ'' ایک روز میں حضرت غوث الاعظم رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس وقت میں فاقہ کی حالت میں تھا اور میرے اہل و عیال نے بھی کئی دنوں سے کچھ نہیں کھایا تھا۔ میں نے آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کو سلام عرض کیا تو آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے سلام کا جواب دے کر فرمایا:'' اے الجونی! بھوک اللہ عزوجل کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے جس کو وہ دوست رکھتا ہے اس کو عطافرمادیتاہے۔''(قلائدالجواہر،ص۵۷)
مصائب وآلام دورفرمادیتے:
    حضرت شیخ ابوالقاسم عمررحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ حضور غوث اعظم رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:''جو کوئی مصیبت میں مجھ سے فریاد کرے یا مجھ کو پکارے تو میں اس کی مصیبت کو دور کردوں گا اور جو کوئی میرے وسیلے سے اللہ عزوجل سے اپنی حاجت طلب کریگا تو اللہ عزوجل اس کی حاجت کو پورا فرما دے گا۔(بہجۃالاسرار،ذکرفضل اصحابہ وبشراہم،ص۱۹۷)
Flag Counter