Brailvi Books

غیبت کی تباہ کاریاں
35 - 504
فرمانِ مصطَفےٰ :(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)جب تم مُرسلین (علیھم السلام )پر دُرُود پاک پڑھو تو مجھ پر بھی پڑھو بے شک میں تمام جہانوں کے رب کا رسول ہوں ۔
اکثر گھر میدانِ جنگ بنے ہوئے ہیں
 میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!خدا عَزَّوَجَلَّ کی قسم !غیبت انتِہائی تباہ کار ہے ، اِسی غیبت کے باعِث آج اکثر گھر میدانِ کار زار بنے ہوئے ہیں، خاندانوں اور برادریوں میں ، مَحَلّوں اور بازاروں میں ،عوام و خواص کے اکثر طبقوں میں بلکہ سنّت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے مُتَعَدِّدافراد کے درمیان بھی اِسی غیبت کے باعِث نفرت کی مَنحوس دیواریں قائم ہیں ۔ آہ!مرنے کے بعد نازُک بدن غیبت کا ہولناک عذاب کیسے برداشت کرسکے گا!سنو!سنو!
سینوں سے لٹکے ہوئے لوگ
سرورِ کائنات،شاہِ موجودات،
محبوبِ ربُّ الْارضِ وَالسَّمٰوت عَزَّوَجَلَّ
و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عبرت نشان ہے:معراج کی رات ميں ايسی عورَتوں اور مَردوں کے پاس سے گزرا جو اپنی چھاتیوں کے ساتھ لٹک رہے تھے، تو ميں نے پوچھا:اے جبرئيل! يہ کون لوگ ہيں؟ عرض کی:يہ منہ پر عيب لگانے والے اور پيٹھ پيچھے برائی کر نے والے ہیں اور ان کے مُتَعَلِّق اللہ عَزَّوَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے:
وَیۡلٌ  لِّکُلِّ ہُمَزَۃٍ  لُّمَزَۃِۣ ۙ﴿۱﴾
 (پ۳۰ اَلھُمَزہ:۱)
ترجَمہ کنزالایمان:خرابی ہے اس کے لئے جو لوگوں کے منھ پر عیب کرے، پیٹھ پیچھے بدی کرے۔
                   (شُعَبُ الْاِیمان ج۵ص۳۰۹حدیث۶۷۵۰)
تانبے کے ناخُن
سرکارِ دو عالم،نُورِ مجَسَّم ، شاہِ بنی آدم ، رسولِ مُحتَشَم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عبرت نشان ہے:میں شبِ معراج ایسی قوم کے پاس سے گزرا جو اپنے چہروں اورسِینوں کو تانبے کے ناخُنوں سے نوچ رہے تھے۔ میں نے پوچھا :اے جِبرئیل !یہ کون لوگ ہیں؟ کہا:یہ لوگوں کا گوشت کھاتے (یعنی غیبت کرتے)تھے اور اُن کی عزّت خراب کرتے تھے۔
    (سُنَنِ ابوداو،د ج ۴ ص۳۵۳حدیث ۴۸۷۸)
Flag Counter