Brailvi Books

غیبت کی تباہ کاریاں
175 - 504
فرمانِ مصطَفےٰ :(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)مجھ پر کثرت سے دُرُود پاک پڑھو بے شک تمہارا مجھ پر دُرُود پاک پڑھنا تمہارے گناہوں کیلئے مغفرت ہے۔
نَزع میں کُفر بکنے کا شَرعی مسئلہ
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!خوفِ خدا سے لرزاُٹھئے !اور گھبرا کر اپنے مَعبودِ برحق کو راضی کر نے کیلئے اُس کی بارگاہِ بے کس پناہ میں جُھک جایئے۔آہ ! چُغلی، حسد اور شراب نَوشی کے سبب ولئی کامل کا شاگرد کُفریہ کلمات بول کر مر ا ۔ یہاں ایک ضَروری مسئلہ سمجھ لیجئے چُنانچِہ صَدرُ الشَّریعہ،بَدرُ الطَّریقہ حضرتِ علامہ مولیٰنامفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ القوی فرماتے ہیں:مرتے وَقت مَعاذَاللہ اُس کی زَبان سے کلمہ کُفر نکلاتو کُفر کا حکم نہ دیں گے کہ ممکن ہے موت کی سختی میں عَقل جاتی رہی ہو اور بے ہوشی میں یہ کلمہ نکل گیا۔
(بہار شریعت حصّہ ۴ ص ۱۵۸، دُرِّمُختار ج۳ ص۹۶)
اکثر خطائیں زَبان سے ہوتی ہیں
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!واقِعی غلط چلنے والی زَبان انسان کو بَہُت پریشان کرتی ہے، انسان اِسی زبان سے گالیاں نکال کر ، جھوٹ بول کر، غیبتیں کرکے چُغلیاں کھا کر اپنی آخِرت کو داؤ پر لگاتا ہے ۔ اِس زَبان کی آفتوں سے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی پناہ !مشہورصَحابی حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ خلق کے رہبر،شافعِ محشر، محبوبِ داور عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اِرشاد فرمایا:انسان کی اکثر خطائیں اس کی زَبان سے ہوتی ہیں۔
(اَلْمُعْجَمُ الْکبِیر لِلطّبَرانی ج۱۰ص۱۹۷حدیث۱۰۴۴۶)
روزانہ صُبح اَعضاء زَبان کی خوشامد کرتے ہیں
حضرتِ سیِّدُنا ابوسعید خُدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے:جب انسان صُبح کرتا ہے تو اُس کے تمام اَعضاء زَبان کے سامنے عاجِزانہ یہ کہتے ہیں:ہمارے بارے میں اللہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈر!کیونکہ ہم تجھ سے وابَستہ ہیں اگر تو سیدھی رہے گی تو ہم سیدھے رہیں گے اگر تو ٹیڑ ھی ہوگی تو ہم بھی ٹیڑھے ہوں۔
(سُنَنِ تِرمِذی ج۴ ص۱۸۳حدیث ۲۴۱۵)
Flag Counter