Brailvi Books

فیضانِ زکاۃ
42 - 149
    پھراس میں سے ادھار لی ہوئی رقم یااُدھار میں لئے ہوئے سامانِ تجارت کی قیمت تفریق کردے اب جو باقی بچے اس کا اڑھائی فیصد(% 2.5)بطورِ زکوٰۃ ادا کرے۔یاد رہے کہ اُدھار میں گئی ہوئی رقم یا سامانِ تجارت کی زکوٰۃ فی الحال ادا کرنا واجب نہیں ،لیکن آسانی کی خاطر اسے حساب میں شامل کیا گیا ہے ۔
کیا ہر سال زکوٰۃ دینا ہوگی ؟
    مال ِ تجارت جب تک خود یا دیگر اموال سے مل کر نصاب کو پہنچتا رہے گا ، وجوبِ زکوٰۃ کی دیگر شرائط مکمل ہونے پر اس پرہر سال زکوٰۃ واجب ہوتی رہے گی ۔
( ماخوذ از فتاویٰ رضویہ مُخَرَّجَہ،کتاب الزکوٰۃ،ج۱۰، ص۱۵۵)
خریدنے کے بعدنیت بدل جانا
    اگرکسی نے کوئی چیز مثلاً کار وغیرہ تجارت کی نیت سے خریدی ' مگر جب دیکھا یہ کار استعمال کے لیے بہتر ہے تو بیچنے کا ارادہ ترک کردیا' کچھ دنوں بعد اسے رقم کی ضرورت پیش آگئی اس نے کار کو بیچنے کی نیت کرلی مگر سال بھر تک نہ بک سکی تو اس کا ر پر زکوٰۃ نہیں بنے گی کیونکہ اگر مال تجارت کے بارے میں ایک مرتبہ تجارت کی نیت تبدیل ہوگئی یا اس کو بیچنے کا ارادہ ترک کردیا پھر اس پر تجارت کی نیت کی تو وہ چیز دوبارہ مال تجارت نہیں بن سکتی۔
دُکان کی زکوٰۃ
     کاروبار کے لئے دکان خریدی تو شامل ِ نصاب نہیں ہوگی ۔فتاویٰ شامی میں ہے :''دکانوں اور جاگیروں میں (زکوٰۃ نہیں)۔''
(الدر المختار وردالمحتار،کتاب الزکوٰۃ،مطلب فی زکوٰۃ ثمن المبیع،ج۳،ص۲۱۷)
Flag Counter